کولکاتہ ۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کوروناوائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے گائے کے پیشاب کا استعمال کرنے کیلئے پروگرام منعقد کرنے پر بی جے پی کے کارکن کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ بی جے پی کارکن یہ دعویٰ کررہا تھاکہ گائے کا پیشاب پینے سے لوگ کوروناوائرس سے محفوظ رہیں گے اور جو متاثر ہیں ان کا علاج ہوجائے گا۔ اس دعویٰ پر ایک والینٹر نے اس کا استعمال کیا اور بیمار ہوگیا۔ بیمار شخص کی شکایت پر پولیس نے بی جے پی کارکن کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ 40 سالہ نارائن چٹرجی نے گائے کے شیڈ میں یہ پروگرام منعقد کیا اور لوگوں میں گائے کا پیشاب تقسیم کررہا تھا۔ اس سے قبل بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کی ایک رکن اسمبلی نے مہلک کورونا وائرس سے نمٹنے اور اس کا علاج کرنے کیلئے گائے کے گوبر اور پیشاب کے استعمال کی بات کی تھی۔ دوسری طرف سائنسی اعتبار سے اس دعویٰ کی کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ عالمی سطح پر اس کے علاج کیلئے دوا اور انجکشن کی تیاری کیلئے تحقیقات کا عمل جاری ہے جبکہ حکومت کی جانب سے عام آدمی کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔