دنیا بھر میں 8 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں، متاثرین کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز، ہندوستان میں مہاراشٹرا سب سے زیادہ متاثر
صفدرجنگ ہاسپٹل کی 7 ویں منزل سے چھلانگ لگا کر کورونامریض کی خودکشی
نئی دہلی ۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزارت صحت نے بتایا کہ ملک میں کوروناوائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 161ہوگئی ہے ان میں 25 بیرونی شہری شامل ہیں۔ لوک سبھا کو مطلع کرتے ہوئے حکومت نے کہا کہ 276 ہندوستانی بیرونی ملک کوروناوائرس سے متاثر ہوئے ہیں ان میں ایران میں 255 اور یو اے ای میں 12، اٹلی میں 5 ہندوستانی شامل ہیں۔ اس طرح کوروناوائرس سے اب تک ملک اور بیرون ملک 437 ہندوستانی متاثر ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں جملہ 161کیس سامنے آئے ہیں۔ دہلی میں صفدر جنگ ہاسپٹل کی ساتویں منزل سے کوروناوائرس کے ایک مشتبہ مریض نے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ اسے آج ہی دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا۔ خودکشی کرنے والا مریض سڈنی سے ہندوستان آیا تھا۔ اس شخص کو ایرپورٹ حکام نے کوروناوائرس کے شبہ میں صفدرجنگ ہاسپٹل لایا تھا۔ 35 سالہ مریض کو دواخانہ کے الگ تھلگ وارڈ میں رکھا گیا تھا۔ اس کے خون کے معائنے حاصل کئے گئے اور ٹسٹ کیلئے روانہ کیا گیا۔ رپورٹ کاانتظار ہے۔ اس نے مبینہ طور پر دواخانہ کے علحدہ وارڈ کی گیٹ کھول کر ساتویں منزل سے چھلانگ لگادی۔ دواخانہ کے ذرائع نے بتایا کہ کورونا کے مریض کی خودکشی کی اطلاع متعلقہ پولیس اسٹیشن کو دی گئی ہے۔ تقریباً 9 بجے شب اسے دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا۔ وہ اندراگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر سڈنی سے فلائٹ نمبر A1-301 سے یہاں پہنچا تھا۔ وہ گذشتہ ایک سال سے سڈنی میں مقیم تھا۔ ہندوستان میں اب تک 161 پازیٹیو کیس پائے گئے ہیں۔ نوئیڈا ، اترپردیش اور راجستھان میں دفعہ 144 نافذ کیا گیا ہے۔ عالمی سطح پر متاثرین کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے اور 157 ملکوں میں کوروناوائرس اب تک 8010 اموات کی توثیق ہوئی ہے۔ ہندوستان میں سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹرا ہے جہاں 42 افراد متاثر ہیں۔ مہاراشٹرا میں کوروناوائرس سے ایک شخص کی موت واقع ہوئی ہے۔ زائد از 5700 افراد ان پازیٹیو کیسیس کی زد میں آئے ہیں ان پر سختی سے نگرانی کی جارہی ہے۔ دہلی میں اب تک ایک بیرونی شہری کے بشمول 10 پازیٹیو کیس پائے گئے۔ اترپردیش میں 16 پازیٹیو کیس درج کئے گئے ہیں ان میں بیرونی شہری بھی شامل ہیں۔ کیرالا میں 27، دو بیرونی شہری، کرناٹک میں 11 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ لداخ میں متاثرین کی تعداد 8 ہوگئی ہے جبکہ جموں کشمیر میں 3 افراد متاثر رہے۔ تلنگانہ میں دو بیرونی شہریوں کے بشمول 6 کیسوں کی اطلاع ہے۔ راجستھان میں بھی دو بیرونی سیاحوں کے بشمول 4 کیس کی اطلاع دی گئی ہے۔ ٹاملناڈو، آندھراپردیش، اوڈیشہ، اتراکھنڈ اور پنجاب میں ایک، ایک شہری متاثر ہوا ہے۔ ہریانہ میں 17 کیس درج کئے ہیں ان میں 14 بیرونی شہری بھی شامل ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہیکہ ساری دنیا میں کوروناوائرس کی دہشت کے بعد 80 فیصد مریضوں کی حالت متوازن ہے۔ اس میں 13.8 فیصد کیس سنگین نوعیت کے ہیں
اور 6.1 فیصد تشویشناک حالت میں ہیں۔ وائرس سے بچاؤ کیلئے کئے گئے اقدامات کی وجہ سے یوروپ کے بشمول دنیا کے متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن چل رہا ہے۔ سرحدیں بند کردی گئی ہیں۔ مقامی سطح پر سڑکوں کی ناکہ بندی کی گئی ہے۔ سماجی اور عوامی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ کروڑہا افراد نے خود کو گھروں میں محصور کرلیا ہے۔ لیبیا، لاطینی امریکہ، قطر سمیت کئی مزید ممالک میں سرحدی ناکہ بندی کے علاوہ شہریوں کو گھروں میں بند رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ اٹلی، ایران، اسپین، امریکہ، برطانیہ، یوروپی یونین میں کوروناوائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے تاہم کوروناوائرس سے سب سے پہلے متاثرہ ملک چین میں معمول کی زندگی بحال ہورہی ہے۔ چین میں 81 ہزار مریضوں میں سے 69 ہزار صحتیاب ہورہے ہیں۔ اٹلی، ایران اور اسپین میں کورونا وائرس بدستور بے قابو ہے۔ چین کے حکام نے بتایا کہ کوروناوائرس کے مرکز ووہان میں بھی حالات بہتر ہورہے ہیں۔ چین کے 34 میں سے 13 صوبوں میں کوروناوائرس پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے۔ امریکہ میں مغربی ورجینیا واحد ریاست ہے جہاں تاحال کوئی کیس ظاہر نہیں ہوا ہے جبکہ نیویارک میں متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ یہاں جمعرات سے روزانہ 5000 ٹسٹ کرنے کی گنجائش پیدا کی گئی ہے۔ ہنگامی حالات کے باعث امریکی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے۔ برطانیہ میں بھی 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔