نئی دہلی: سپریم کورٹ نے کورونا کی وجہ سے مرنے والے افراد کے ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کرنے کی ہدایات پر عمل درآمد کے لئے مرکزی حکومت کو 11 ستمبر تک کا وقت دیا ہے۔ جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس انیرودھ بوس کی ڈیویژن بنچ نے جمعہ کو مرکزی حکومت کی جانب سے پیش ہونے والے سالیسیٹر جنرل تشار مہتہ سے کہا کہ وہ 30 جون کی عدالتی ہدایات پر عمل درآمد کے حوالے سے 11 ستمبر تک حلف نامہ جمع کرائیں۔واضح ہے کہ 30 جون کو عدالت عظمیٰ نے اپنے رہنما خطوط میں کہا تھا کہ کورونا کی وجہ سے اپنی جان گنوانے والے افراد سے متعلق ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجراء کے عمل کو آسان بنانے کا راستہ تلاش کریں۔آج ہونے والی سماعت کے دوران ڈویژن بنچ نے مرکزی حکومت کی جانب سے متعلقہ حلف نامہ جمع نہ کرانے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ، جس کے بعد مہتہ نے مزید ایک ہفتہ کا وقت طلب کیا۔واضح رہیکہ 16 اگست کو ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے اپنی ہدایات پر عملدرآمد کیلئے 3 ستمبر (آج) تک کا وقت دیا تھا لیکن مرکز اس میں ناکام رہا۔یہ عذرداری ایڈوکیٹ گورو بنسل نے دائر کی ہے ۔