کورونا ، لاک ڈاؤن اور سیلاب سے مہنگائی میں اضافہ

,

   

قیمتوں پر کنٹرول کیلئے حکومت کے اقدامات ناکافی ، عوام کو مشکلات

حیدرآباد: کوروناوائرس اور لاک ڈاؤن کے سبب معاشی پریشانیوں کا شکار شہریوں کو مہنگائی کی مار برداشت کرنی پڑرہی ہے اور مہنگائی پرقابو پائے جانے کے کوئی امکانات نظر نہیں آرہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ نہ صرف تلنگانہ بلکہ ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتو ںمیں ہونے والے اضافہ کے سبب صورتحال بد ترہونے لگی ہے۔ اشیائے ضروریہ دالیں‘ چاول ‘ تیل کے علاوہ ترکاریوں کی قیمتو ںمیں اضافہ کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ ملک میں ڈیزل کی قیمتو ںمیں ہونے والے اضافہ کے سبب بھی صورتحال انتہائی ابتر ہونے لگی ہے کیونکہ بیشتر تمام اشیائے ضروریہ کی منتقلی کے لئے ڈیزل سے چلائی جانے والی گاڑیوں کا استعمال کیا جاتا ہے اسی لئے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے ۔ شہر حیدرآباد میں اشیائے ضروریہ کی قیمتو ںمیں اضافہ کے سلسلہ میں ٹھوک تاجرین کا کہنا ہے کہ شہر حیدرآباد میں لاک ڈاؤن کے دوران 84 فیصد شہریوں کو مارچ تا اگسٹ میں شدید معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ستمبر سے مسلسل اشیائے ضروریہ کی قیمتو ںمیں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اس اضافہ پر روک لگانے کا کوئی میکانزم نہ ہونے کے سبب ان اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پایا جانا انتہائی دشوار ہوتا جا رہاہے۔تاجرین کا کہناہے کہ ڈیزل کی قیمتو ںمیں اضافہ ہونے کے سبب اشیائے ضروریہ کی منتقلی کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بالواسطہ اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑنے لگے ہیں ۔ تیل اور دالوں کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ تہواروں کے پیش نظر ان کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ماہ ستمبر سے ہی کئی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے جبکہ تہواروں کا موسم اب شروع ہوا ہے۔

حیدرآباد کے بیشتر تمام ٹھوک بازاروں میں چاول ‘ دالیں اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ کی شکایات موصول ہورہی ہیں لیکن تاجرین اس کیلئے ٹرانسپورٹ کی قیمتو ںمیں اضافہ کو مؤرد الزام ٹھہرانے لگے ہیں جبکہ شہریو ںکا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے بے تحاشہ قیمتو ں میں اضافہ کے فیصلہ پر کنٹرول کیلئے کوئی میکانزم نہ ہونے کے سبب یہ حالات پیدا ہورہے ہیں اور اگر حکومت کی جانب سے قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے محکمہ اوزان و پیمائش کے علاوہ قیمتوں کے تعین کے سلسلہ میں اقدامات کئے جاتے ہیں تو اس کا راست فائدہ عوام کو ہوگا کیونکہ کمپنیوں کی جانب سے اپنی مرضی کے مطابق قیمتو ںمیں اضافہ کیا جانے لگا ہے۔