نئی دہلی: مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے آج کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا تعین کرنے میں آئندہ تین ماہ فیصلہ کن رہیں گے اور انہوں نے عوام سے آنے والے تہوار کے سیزن اور سرما کے مہینوں میں کوویڈ سے متعلق مناسب احتیاط برتنے کی اپیل کی۔ انہوں نے یہ بات بھی نمایاں کی کہ ملک میں فعال کورونا معاملے 7 لاکھ سے کم ہے اور مریضوں کی تعداد دگنی ہونے کی شرح بڑھ کر 97.2 یوم ہوگئی ہے۔ وردھن نے اترپردیش کے وزرائے صحت اور طبی تعلیم اور دیگر سینئر عہدیداروں کے ساتھ کوویڈ۔19 کے سلسلہ میں تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین ماہ میں ملک نے کورونا کے معاملے میں نمایاں بہتری درج کرائی ہے۔
