ممبئی۔کورونا وائرس جیسی تشویشناک وبا میں مبتلا مریض اور اس بیماری سے فوت ہونے والے افراد کی تعداد کے لحاظ سے ممبئی نے اب چین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ آج منگل کو یہاں جاری سرکاری اعداد و شمار کے تجزیہ سے پتہ چلتا ہے کہ، چین میں جہاں 2019 کے آخر میں اس وائرس نے سر اُبھارا تھا ، وہاں پائے جانے والے مریضوں کے مقابلے ممبئی میں پائے گئے مریضوں کی تعداد 2000 سے زائد ہو چکی ہے ، اسی طرح ممبئی میں چین کے مقابلے میں اس مرض سے 300سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔کوویڈ-19 سے متعلق جاری اعداد شمار کے مطابق ملک کے تجارتی دارالحکومت ممبئی میں کورونا کے پھیلاو کی پریشان کن پیشرفت کے بعد اس وقت 85724 مصدقہ مریض ہیں جبکہ چین میں یہ تعداد 83565 ہے ۔ اسی طرح ممبئی میں ابتک فوت ہونے والوں کی تعداد 4938 ہے ، اور چین میں اس مرض سے مرنے والوں کی تعداد 4634ہے ۔ کورونا وائرس سے متاثرہ بین الاقوامی درجہ بندی کے مطابق ممبئی اب 22 ویں مقام پر پہنچ گیا ہے ۔چین میں نئے مریضوں کے پائے جانے کا معاملہ اب صرف ایک ہندسے تک محدود ہو گیا ہے ، جو ممبئی کی کچی بستی دھاراوی میں روزانہ درج کی جانے والی تعداد سے کم ہے ۔