واشنگٹن ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) امریکی سینیٹ اور وائٹ ہاؤس نے دو ٹریلین ڈالر کے وسیع تر امدادی پیکیچ پر اتفاق کر لیا ہے۔ ان رقوم سے کورونا وائرس کی عالمگیر وبا سے نمٹنے کے لیے سرگرم شعبہ صحت سے وابستہ اہلکاروں کے علاوہ منفی طور پر متاثر ہونے والے کاروباروں کی مدد کی جائے گی۔ مالیاتی پیکچ کے بارے میں اعلان گزشتہ شب کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ان رقوم سے بے روزگار افراد سمیت ان لوگوں کی بھی مالی مدد کی جائے گی، جن کا کام کاج بندشوں کی وجہ سے متاثر ہو رہا ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے زیادہ متاثرہ ریاست نیو یارک ہے، جہاں اب تک پچیس ہزار کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں ہلاک شدگان کی تعداد ڈیڑھ سو ہو چکی ہے۔