واشنگٹن ۔24 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کے محکمہ لیبر نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے مزید 44 لاکھ شہریوں نے بیروزگاری انشورنس کیلئے درخواستیں دی ہیں۔ اس طرح کورونا وائرس بحران کے دوران بیروزگار ہوجانے والوں کی تعداد دو کروڑ 65 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔صدر ٹرمپ نے پانچ پفتے پہلے ملک میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد سے ہر ہفتے دسیوں لاکھ افراد ملازمتوں سے محروم ہو رہے ہیں۔پہلے ہفتے میں 33 لاکھ، دوسرے میں 69 لاکھ، تیسرے میں 66 لاکھ اور چوتھے میں 52 لاکھ افراد بیروزگار ہوئے تھے۔ امریکہ میں 2008 کے معاشی بحران کے بعد 10 سال میں روزگار کے دو کروڑ 28 لاکھ مواقع پیدا ہوئے تھے۔ لیکن اب چند ہفتوں میں بیروزگار ہوجانے والوں کی تعداد ان سے زیادہ ہوگئی ہے اور برسوں کی معاشی ترقی صفر ہو گئی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بیروزگار ہونے والوں کی اصل تعداد کہیں زیادہ ہے کیونکہ محکمہ محنت کے اعداد و شمار میں وہ لاکھوں لوگ شامل نہیں جو مختلف وجوہ سے بیروزگاری الاؤنس کے اہل نہیں ہیں۔ امریکہ میں لاکھوں تارکین وطن ایسے ہیں جن کے پاس قانونی دستاویزات نہیں۔امریکہ میںآخری بار ایسی صورتحال 1930 کے عشرے کی کساد بازاری میں دیکھنے کو ملی تھی جب 25 فیصد امریکی روزگار سے محروم ہوگئے تھے۔معاشی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اس وقت بیروزگاری کی شرح 15 سے 20 فیصد کے درمیان ہے۔ کاروبار بند ہونے کی وجہ سے آنے والے مہینوں میں مزید لاکھوں لوگ روزگار سے محروم ہو سکتے ہیں۔کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی بندش کے نتیجے میں جو کاروبار سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ان میں فضائی کمپنیاں، ہوٹل اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری شامل ہے۔
امریکہ: برے دن گزرنے کے دعوے غلط، اموات 50 ہزار
واشنگٹن ۔24 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام )امریکی حکام کے برے دن گزرنے کے دعوے غلط ثابت ہوگئے، امریکہ میں کورونا سے اموات 50 ہزار سے تجاوز کر گئیں۔ امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا 3 ہزار 176مریض دم توڑ گئے جبکہ گزشتہ ہفتے میں صرف جمعے اور جمعرات کے دن کورونا وائرس سے بالترتیب 4 ہزار 591 اور 3 ہزار 856 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ان اعداد و شمار میں پہلے شمار نہ کی جانے والی ممکنہ اموات شامل کی گئی تھیں، اس اعتبار سے گزشتہ 24 گھنٹے میں یہ اموات اب تک دنیا میں ایک ریکارڈ تعداد ہے۔امریکہ بھر میں ایک دن میں کورونا کے مزید 27 ہزار کے قریب نئے کیسز بھی سامنے آگئے ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 50 ہزار 243 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 86 ہزار 709 ہو چکی ہے۔امریکہ کے اسپتالوں میں 7 لاکھ 50 ہزار 544 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 14 ہزار 997 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 85 ہزار 922 کورونا مریض اب تک شفا یاب ہو چکے ہیں۔ خوفناک صورتحال کے باوجود جارجیا اور ٹیکساس سمیت کئی ریاستیں لاک ڈاؤن ختم کر رہی ہیں۔