کورونا : امریکہ میں 60 ہزار نئے کیس ، اموات کے لحاظ سے میکسیکو چوتھے نمبر پر

   

واشنگٹن: امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے 59747 نئے متاثرین اور 442 مزید اموات کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ بات جونز ہوپکنز یونیورسٹی نے پیر کے روز جاری بیان میں بتائی۔ مذکورہ یونیورسٹی امریکہ میں اس وبائی مرض کے سبب ہونے والی اموات اور نئے کیسوں کے اندراج کا ریکارڈ رکھتی ہے۔یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں اب تک کووڈ 19 کے مصدقہ کیسوں کی مجموعی تعداد 3301820 ہو چکی ہے .. ان میں سے 135171 افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔یاد رہے کہ اتوار کو جاری معلومات میں بتایا گیا تھا کہ 24 گھنٹوں کے اندر امریکہ میں کوروناوائرس کے ریکارڈ 66,528 نئے کیس سامنے آئے۔ادھر پیر کے روز فرانس پریس کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق میکسیکو کوروناوائرس کے سبب اموات کی تعداد کے لحاظ سے اطالیہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔میکسیکو میں صحت سے متعلق حکام نے ٹویٹر پر بتایا کہ ملک میں کووڈ 19 کے مصدقہ کیسوں کی مجموعی تعداد 299,750 ہو گئی ہے۔ ان میں سے 35,006 متاثرین فوت ہو چکے ہیں۔ اتوار کے روز تک اطالیہ میں کوروناسے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 34,954 تک پہنچ گئی۔وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میکسیکو میں کوروناکے 4482 نئے متاثرین کا انکشاف ہوا جب کہ مزید 276 متاثرین لقمہ اجل بن گئے۔کوروناوائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں امریکہ پہلے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد برازیل، پھر برطانیہ اور اس کے بعد میکسیکو کا نمبر ہے۔برازیل کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناوائرس کے سبب مزید 631 اموات کا اندراج ہوا ہے۔ اس طرح اتوار کے روز تک اس وبائی مرض سے موت کا شکار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 72100 ہو چکی ہے۔ برازیل میں کوروناکے مصدقہ کیسوں کی مجموعی تعداد 1864000 تک پہنچ گئی ہے۔