وباء سے موثر انداز میں نمٹنے پر حکومت کی ستائش ، مرکز کی گائیڈ لائنس پر عمل کرنے ہائیکورٹ کا مشورہ
حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے تلنگانہ حکومت کو ہدایت دی ہے کہ کورونا سے فوت ہونے والے افراد کے پسماندگان کو معاوضہ کی ادائیگی سے متعلق تفصیلات اندرون 6 ہفتے داخل کرے۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس ابھینند کمار شاولی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے یہ ہدایت دی۔ عدالت نے حکومت سے کہا کہ مرکزی حکومت نے 25 فروری کو کورونا سے متعلق جو نئی گائیڈ لائنس جاری ہیں ان پر عمل کیا جائے۔ ریاست میں کورونا کی صورتحال سے نمٹنے کے سلسلہ میں دائر کی گئی مفاد عامہ کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ یہ درخواستیں 2020 سے زیر التواء ہیں۔ ڈائرکٹر آف پبلک ہیلت نے عدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے ریاست میں کورونا ٹسٹ، ٹیکہ اندازی، سرکاری دواخانوں میں مریضوں کی تعداد اور انفرااسٹرکچر سہولتوں کی تفصیلات بیان کی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ 15 سے 17 سال کے 84 فیصد بچوں کو 3 جنوری سے کورونا کی پہلی خوراک دی جاچکی ہے۔ ریاست میں 44 فیصد افراد نے دوسری خوراک حاصل کرلی۔ 60 سال سے زائد عمر کے 4.45 لاکھ افراد نے بوسٹر ڈوز حاصل کی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کورونا کے آغاز سے فروری تک 3.34 کروڑ ٹسٹ کئے گئے جن میں 787437 کورونا کیسس کا پتہ چلا۔ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت اور ڈائرکٹر پبلک ہیلت کی جانب سے کورونا سے نمٹنے کیلئے بروقت اقدامات کی ستائش کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت اور ڈاکٹر سرینواس راؤ کی سنجیدہ مساعی کے نتیجہ میں ریاست میں کورونا سے کم اموات ہوئی ہیں۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے کہا کہ ریاست میں کورونا کی صورتحال پوری طرح کنٹرول میں ہے اور کیسس کی تعداد میں قابل لحاظ کمی واقع ہوئی ہے۔ر