کورونا اور نئی شکل کیخلاف احتیاطی تدابیر بدستور ناگزیر

   


نئی دہلی : مرکز نے آج اعادہ کیا کہ مختلف سرگرمیوں پر عائد کوویڈ۔19 تحدیدات ضروری ہیں کیونکہ ابھی کورونا وائرس پر پوری طرح قابو نہیں پایا گیا ہے اور اس درمیان یوروپ بالخصوص برطانیہ میں اس وائرس کی تبدیل شدہ شکل اُبھر آئی ہے جو تیزی سے پھیل رہی ہے ۔ وزارت اُمور داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ کوویڈسے متعلق چوکسی کے سلسلے میں تازہ رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ہیںجو 31 جنوری تک لاگو رہیں گے۔مرکزی وزارت نے ریاستوں اور مرکزی علاقوں سے کہاہے کہ سال نو کی تقاریب اور موسم سرما کے دوران کورونا کیسوں میں اضافے پر نظر رکھیں اور جو بھی ضروری اقدامات ہوں کئے جائیں ۔ مرکز نے ریاستوں اور مرکزی علاقوں سے آنے والی ٹیکہ اندازی مہم کے لئے تیاریوں میں مرکزی حکام کی سرگرمی سے مدد کرنے پر زور دیاہے۔ کوویڈ۔19 کے فعال اور نئے کیسوں میں متواتر گراوٹ دیکھنے میں آرہی ہے لیکن تن آسانی یا لاپرواہی سے کام نہیں لیا جاسکتا اور عالمی سطح پر کیسوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ہم کو بھی چوکسی برقرار رکھنی ہوگی ۔ جہاں کہیں ضرورت ہو کنٹینمنٹ زون قائم کئے جائیں ۔ گزشتہ ماہ وزارت نے ریاستوں اور مرکزی علاقوں کو حسب ضرورت رات کا کرفیو لگانے کی اجازت دی تھی۔