صحت کے عالمی بحران سے نمٹنے نیو کرائسیس مینجمنٹ پروٹوکول کیلئے وزیراعظم مودی کی تجویز
نئی دہلی ۔ 26 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) طاقتور G-20 گروپ نے آج فیصلہ کیا کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء سے پیدا شدہ معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے عالمی معیشت میں زائد از 5 ٹریلین امریکی ڈالر مشغول کئے جائیں گے۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان کی صدارت میں G-20 قائدین نے عدیم النظیر ویڈیو کانفرنس منعقد کی جس میں انہوں نے عزم کیا کہ تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس وباء کی وجہ سے ہونے والے معاشی اور سماجی نقصان کو کم سے کم کیا جائے گا ۔ یہ وباء عالمی سطح پر 21,000 سے زیادہ جانیں لے چکی ہیں اور 470,000 افراد متاثر ہیں۔ G-20 قائدین نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم عالمی معیشت میں پانچ ٹریلین ڈالر مشغول کریں گے جس سے عالمی وباء کے سماجی ، معاشی اور اقتصادی اثرات کا ازالہ کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں صحت کے عالمی بحران سے نمٹنے کے لئے نئے کرائسیس مینجمنٹ پروٹوکول کی تجویز پیش کی اور G-20 سے اس عالمی وباء کے اثرات کو زائل کرنے کیلئے ضروری اقدامات کی اپیل کی۔ انہوں نے گروپ سے یہ بھی کہا کہ اس وباء سے لڑنے کیلئے کوئی ٹھوس لائحہ عمل پیش کریں اور کہا کہ معاشی نشانوں کے بجائے انسانوں کو مدنظر رکھ کر پروگرام بنانے چاہئے ۔ G-20 نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ تیزی سے اور فیصلہ کن انداز میں کام کرتے ہوئے بین الاقوامی تنظیموں جیسے ڈبلیو ایچ او ، آئی ایم ایف اور دیگر ہمہ رخی و علاقائی ترقیاتی اداروں کو ساتھ لے کر کام کرے گا۔ G-20 قائدین نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے بھی بھی اتفاق کیا کہ اس وباء سے نمٹنے کیلئے ڈبلیو ایچ او کی قیادت میں سالیڈارٹی ریسپانس فنڈ رضاکارانہ اساس پر تشکیل دیا جائے۔
