کورونا بحران کے دوران موٹر وہیکل ٹیکس 267 کروڑ روپئے معاف کرنے کا خیر مقدم

   

ٹیکسی اونرس اور ڈرائیورس جے اے سی کے نمائندوں نے کویتا سے ملاقات کی ، ٹی آر ایس کی تائید کرنے کا اعلان
حیدرآباد :۔ ٹیکسی اونرس اور ڈرائیورس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ٹی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا سے ملاقات کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس کی مکمل تائید وحمایت کرنے کا تیقن دیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے کورونا بحران مارچ سے ستمبر تک لاک ڈاؤن کے دوران نقصانات کا شکار ہونے والے ٹرانسپورٹ شعبہ کے 267 کروڑ روپئے کے موٹر وہیکلس ٹیکس معاف کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ جس پر ٹیکسی اونرس ڈرائیورس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے کے کویتا سے ملاقات کی اور 3,37,611 گاڑیوں کے 267 کروڑ روپئے کے موٹر وہیکل ٹیکس معاف کرنے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ چیف منسٹر نے ان کے دیرینہ مطالبہ کو قبول کیا اور انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیکس کو معاف کیا ہے ۔ جس پر ہم سب نے جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے کا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا ہے ۔ کویتا نے ٹیکسی اونرس اور ڈرائیورس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے ہمیشہ غریبوں اور ضرورت مندوں کا ساتھ دیا ہے ۔ لاک ڈاؤن کے دوران بھی تمام غریبوں کی بھر پور مدد کی ہے ۔ حکومت نے جو وعدہ کیا ہے اس کو پورا کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر سماج کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہے ہیں ۔ صرف 6 سال کے دوران تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جو کام کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔ ہندوستان کی نظر تلنگانہ و حیدرآباد پر ٹکی ہوئی ہے ۔ حیرت تو اس بات کی ہے کہ کئی مرکزی وزراء نے مختلف شعبوں میں تلنگانہ کی ترقی کے لیے ستائش کی تھی مگر مرکزی وزیر پرکاش جاوڈکر نے حکومت کے خلاف چارج شیٹ پیش کی ہے ۔ ایسا لگتا ہے بی جے پی کے قائدین دباؤ میں ہیں اور انہیں خود نہیں معلوم ہے کہ وہ کیا کررہے ہیں ۔ مگر ریاست کے عوام بالخصوص گریٹر حیدرآباد کے عوام باشعور ہیں انہیں انتخابات میں کیا کرنا ہے اچھی طرح معلوم ہے ۔ بی جے پی کی جھوٹی تشہیر کے باوجود ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔۔