واشنگٹن: امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتِ حال میں سبکدوش ہونے والے صدر ٹرمپ کی جانب سے انتقالِ اقتدار کو تسلیم نہ کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔بائیڈن پیر کو ریاست ڈیلاویئر کے شہر ولمنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں اْن کا کہنا تھا کہ انتہائی سرد موسم آنے والا ہے۔ اگر صدر ٹرمپ نے اْن کے ساتھ تعاون نہ کیا تو امریکہ میں کورونا وبا کے باعث کئی اموات ہو سکتی ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ عالمی وبا پر قابو پانے کے لیے صدر ٹرمپ کچھ نہیں کر رہے اور وہ اب تک گولف کھیل رہے ہیں اور اْن کا یہ اقدام سمجھ سے بالا ہے۔نومنتخب صدر نے کہا کہ دو کروڑ امریکیوں کو مکانات کی قسطیں ادا نہ کرنے کی وجہ سے مکانات سے محروم ہونے کا خدشہ ہے جب کہ لوگوں کی بے روزگاری انشورنس ختم ہونی والی ہے اور کرایے کے مکانات میں رہنے والے افراد کرایہ ادا نہیں کر سکتے۔ امریکہ میں کورونا کیسز اور ہاسپٹلس میں مریضوں کے داخلے کی شرح میں اضافہ ہو گیا ہے جسے دیکھتے ہوئے ریاستوں کے گورنروں اور میونسپل حکام نے بعض کاروباری سرگرمیوں کو دوبارہ محدود کر دیا ہے۔