حیدرآباد۔9۔فروری (سیاست نیوز) کورونا وائرس تحدیدات کے خاتمہ کے ساتھ ہی محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے ٹینک بنڈ پر شروع کئے گئے ’’سنڈے فنڈے‘‘ پروگرام کے احیاء کے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لیا جانے لگا ہے اورتوقع ہے کہ آئندہ اتوار سے ٹینک بنڈپر سنڈے فنڈے کی شروعات کردی جائے گی۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں نے اس سلسلہ محکمہ بلدی نظم ونسق کے عہدیداروں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے اس پروگرام کے احیاء کے متعلق مشاورت کی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ٹینک بنڈ پر منعقد ہونے والے پروگرام سنڈے فنڈے کے احیاء کے بعد تاریخی چارمینار کے دامن میںایک اتوار کے وقفہ یعنی 15 دن میں ایک مرتبہ منعقد ہونے والے ’’ایک شام چارمینار کے نام‘‘ پروگرام کے احیاء کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔محکمہ بلدی نظم ونسق کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ ٹینک بنڈ اور چارمینار کے دامن میں شروع کئے گئے ان تفریحی پروگراموں میں عوام کے بہترین ردعمل کے بعد محکمہ کی جانب سے ان پروگرامس میں مزید بہتری لانے اور تفریح کے لئے پہنچنے والوں کو مزید سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے تھے لیکن کورونا وائرس کی نئی قسم ’’اومی کرون‘‘کے بعد محکمہ بلدی نظم ونسق نے صحت عامہ کے پیش نظر ان پروگرامس کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی جا چکی ہے کہ اب ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کی تیسری لہر ختم ہونے لگی ہے تو اب سنڈے فنڈے کے علاوہ ایک شام چارمینار کے نام پروگرامس کو دوبارہ شروع کرنے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ٹینک بنڈ کے علاوہ چارمینار کے دامن میں تفریح کیلئے پہنچنے والے سیاحوں سے ان پروگرامس کے متعلق ریافت کیا جا چکا ہے اور اس سلسلہ میں اعلیٰ عہدیداروں کو واقف کروایا جاچکا ہے کہ عوام ان پروگرامس کے احیاء کے حق میں ہیں اور وہ تفریحی مقامات پر جانے لگے ہیں اسی لئے محکمہ بلدی نظم ونسق کو اس تفریح کی فراہمی کے ساتھ اس میں توسیع دینے کے اقدامات کا آغاز کردینا چاہئے ۔عہدیدارو ںنے بتایا کہ آئندہ اتوار سے پروگرام کے احیاء کے سلسلہ میں اندرون دو یوم قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔م