مشتبہ مریضوں کی موجودگی سے دیگر افراد کو خطرہ لاحق ، ہاٹ اسپاٹ مقامات نظر انداز
حیدرآباد۔ ریاستی حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے معائنو ںمیں اضافہ اور متاثرین کی شناخت کو بہتر بنانے کے اقدامات کے دعوے کئے جا رہے ہیں لیکن شہر کے کئی مراکز پر جہاں کورونا وائرس کا معائنہ کیا جا رہاہے ان مراکز پر عملہ کی عدم موجودگی کی شکایات عام ہوتی جا رہی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ دن میں 12:30بجے تک کورونا وائرس کے معائنہ کا وقت ہونے کے باوجود 11بجے کے قریب تک بھی کوئی عملہ نہیں پہنچ رہا ہے جس کے سبب رضاکارانہ طور پر اپنا کورونا وائرس کا معائنہ کروانے کے لئے پہنچنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے ریاپڈ اینٹی جین معائنوں کے 1064 مراکز چلائے جا رہے ہیں اور آر ٹی پی سی آر کے علاوہ دیگر معائنوں کے ذریعہ کورونا وائرس کی جانچ کے جملہ 20مراکز موجود ہیں لیکن ریاپڈ اینٹی جین معائنوں کے مراکز کی اتنی بڑی تعداد کے باوجود کئی مراکز پر عملہ کے پہنچنے میں تاخیر کی شکایات موصول ہورہی ہیں ۔ گولکنڈہ مرکز پر معائنہ کے لئے پہنچنے والوں کی جانب سے کی جانے والی شکایت میں کہا جا رہاہے کہ عملہ کی تاخیر سے آمد روز کا معمول بن چکا ہے اور جو لوگ معائنہ کے لئے پہنچ رہے ہیں انہیں گھنٹوں قطار میں اپنی باری کا انتظار کرنا پڑرہا ہے ۔ معائنہ کے لئے پہنچنے والے ایک نوجوان نے بتایا کہ جو لوگ مختلف علامات کے ساتھ کورونا وائرس کا معائنہ کروانے کے لئے پہنچ رہے ہیں اگر انہیں کورونا وائرس نہیں بھی ہے تو جس طرح سے قطار میں انتظار کروایا جا رہاہے وہ کسی دوسرے متاثرہ شخص سے متاثر ہوسکتے ہیں کیونکہ کورونا وائرس کا معائنہ کروانے کے لئے پہنچنے والوں کی بڑی تعداد مشتبہ مریضوں کی ہی ہوتی ہے اور مشتبہ مریضوں کے درمیان اگر کوئی صحت مند بھی ہے یا کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہے تو وہ متاثر ہوسکتا ہے اسی لئے قطار میں انتظار کے سلسلہ کو ترک کرتے ہوئے اگر معائنہ کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے اور عملہ کو وقت کی پابندی کروائی جائے تو عوام کو کافی سہولت حاصل ہوگی۔محکمہ صحت کی جانب سے شہر حیدرآباد کے جن علاقوں کی کورونا وائرس کے ہاٹ اسپاٹ کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے ان میں گولکنڈہ ‘ ملک پیٹ کے علاوہ دیگر علاقہ موجود ہیں اور جب ان علاقوں میں ہی محکمہ صحت کے عملہ کی جانب سے غفلت کا مظاہرہ کیا جا رہاہے تو شہر کے دیگر علاقوں کی صورتحال کیا ہوگی اس کا اندازہ کیا جاسکتا ہے ۔