کورونا : تلنگانہ میں آئندہ 4 ہفتے اہمیت کے حامل : ڈائرکٹرپبلک ہیلت

   

ختم مئی تک برقرار رہنے کا امکان ۔ عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ ، 90 فیصد غیر علامتی مریض ، ٹسٹ کروانے میں عجلت نہ کریں

حیدرآباد: محکمہ صحت نے انتباہ دیا ہے کہ تلنگانہ میں مئی کے اختتام تک کورونا کا قہر عروج پر رہے گا ، لہذا عوام کو آئندہ 4 ہفتوں تک سخت چوکسی اختیار کرنی چاہئے ۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جارہے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ تاہم کورونا کے قہر میں کمی کے لئے مزید 4 ہفتے درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین سے چار ہفتے موجودہ صورتحال میں صبر آزما ثابت ہوسکتے ہیں۔ لہذا عوام کو چاہئے کہ تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ سرینواس راؤ نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے ماسک کا استعمال فائدہ مند ثابت ہوگا ، لہذا عوام کو اپنے لئے ماسک کے استعمال کو لازمی کرنا ہوگا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس راؤ نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے ذریعہ عوام نہ صرف کورونا سے بچ سکتے ہیں بلکہ دوسروں میں وباء پھیلانے کا سبب بننے سے بچ جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں شادی بیاہ اور عید اور تہوار کے موقع پر سخت چوکسی کی ضرورت ہے۔ ہجوم کے جمع ہونے کی صورت میں کورونا کا پھیلاؤ تیزی سے ہوسکتا ہے ۔ احتیاطی تدابیر کے معاملہ میں ذرا بھی کوتاہی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔ ریاست میں ابھی تک 45 لاکھ افراد کو ٹیکہ اندازی مکمل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کیلئے عوام کو حکومت سے تعاون کرنا چاہئے۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران کورونا کے کیسیس میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ پازیٹیو کیسیس میں 80 تا 90 فیصد مریضوں کو دواخانہ سے رجوع ہونے کی ضرورت نہیں ہے ، صرف 10 فیصد مریضوں کو ہاسپٹل سے رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کورونا سے ریکوری کی شرح 95 فیصد ہے ۔ پہلی لہر کے دوران تلنگانہ میں ریکوری کی شرح 99.5 فیصد درج کی گئی تھی۔ سرینواس راؤ نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ علامات کی صورت میں کورونا ٹسٹ کروائیں۔ علامات کے بغیر عوام ٹسٹ کے لئے آرہے ہیں اور ان میں سے بعض افراد اپنے ساتھ کورونا لے جارہے ہیں۔ بعض افراد ہفتے میں دو مرتبہ کورونا ٹسٹ کیلئے مراکز سے رجوع ہورہے ہیں ۔ ان حالات میں حقیقی مریضوں کے علاج میں دشواری ہورہی ہے۔ عوام میں کورونا کے ٹسٹ اور علاج کے بارے میں شعور بیداری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ عوام صرف علامات کی صورت میں کورونا کا ٹسٹ کروائیں۔ سرینواس راؤ نے بتایا کہ ریاست میں 50,000 سے زائد بستروں کا انتظام کیا گیا ہے۔ ان میں سے 18,000 سے زائد آکسیجن سے مربوط اور 10,000 سے زائد آئی سی یو بستر ہیں ۔ سرکاری دواخانوں میں حکومت بستروں کی تعداد میں اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آکسیجن ، بستروں اور علاج کے معاملہ میں تلنگانہ دیگر ریاستوں سے بہتر موقف میں ہے ۔ سرینواس راؤ نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ غیر ضروری طور پر معائنوں اور دواخانے سے رجوع ہونے سے گریز کریں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کورونا پازیٹیو ہونے کے باوجود عہدیداروں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور ضروری ہدایات دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ہر ایک گھنٹے سے کورونا پر تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔