کورونا ‘تیسری لہر سے غفلت نہ برتی جائے

   

حکومت کو ہائی کورٹ کی ہدایت، تیاری رپورٹ پیش کی جائے
حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کی تیاریوں کے سلسلہ میں تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے کورونا کی صورتحال پر سماعت کے دوران حکومت کو ہدایت دی ہے کہ تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے طئے شدہ حکمت عملی کی تفصیلات عدالت میں پیش کی جائیں کیونکہ ماہرین کے مطابق تیسری لہر میں کم عمر بچے زیادہ متاثر رہیں گے۔ عدالت نے کہا کہ اس مرتبہ حکومت کو خواب غفلت کا شکار نہیں رہنا چاہیئے۔ عدالت نے بلاک فنگس انفیکشن کیسس میں اضافہ پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور حکومت کو ہدایت دی کہ انفیکشن کے علاج کیلئے درکار دوائیں عوام کیلئے دستیاب رکھیں۔ ہائی کورٹ نے بلاک فنگس سے نمٹنے کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہیں۔ عدالت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوران مارکٹس اور دیگر تجارتی مقامات پر ہجوم کو روکنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔