سنگاریڈی میں ٹیکہ شعور بیداری مہم ، چیرمین بلدیہ اور دیگر کا خطاب
سنگاریڈی ۔عالمی وباء کووڈ سے بچاو کے لیے ٹیکہ اندازی ضروری ہے اور عوام کی صد فیصد ٹیکہ اندازی کے لیے محکمہ صحت اور عوامی نمائندے عوام میں شعور بیداری کی کوشش کر رہے ہیں۔ سنگاریڈی کے محلہ نعل صاحب گڈہ میں اراکین بلدیہ’ محکمہ صحت اور بلدیہ کی جانب سے صد فیصد ٹیکہ اندازی کیلئے عوام میں شعور بیداری کے لیے مہم منظم کی گئی جس میں چیرمین بلدیہ بی وجئے لکشمی’ حافظ شیخ شفیع’ شیخ صابر’ سید نصیر الدین اجو’ امیر بیگ اراکین بلدیہ اور دیگر نے شرکت کی۔ قائدین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس سے بچاو کیلئے ٹیکہ لیں۔ انھوں نے کہا کہ عالمی وباء کورونا وائرس ختم نھیں ہوا بلکہ وباء کی شدت میں کمی ہوئی ہے چنانچہ عوام لاپرواہی اور بد احتیاطی قطعی نہ کریں بلکہ تمام تر احتیاطی تدابیر جیسے ماسک لگانا’ ہاتھوں کو سانیٹائز کرنا’ گھر کے اندر اور اطراف و اکناف صاف صفائی کا خیال رکھنا’ ایک ہی جگہ زیادہ لوگ جمع ہونے سے گریز کرنا’ سردی بخار آنے پر فوری دواخانہ سے رجوع ہونا اور دیگر پر عمل کریں۔ ٹیکہ اور احتیاطی تدابیر عمل سے کورونا وائرس سے شکست دی جا سکتی ہے۔
