اسلام آباد 22 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اتوار کو لندن سے اسلام آباد واپس ہوگئے جبکہ بیرون ملک سے آنے والوں میں کورونا وائرس کے خطرات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ واضح رہے کہ ایک دن قبل ہی پاکستان کی حکومت نے اس وائرس پر قابو پانے کے اقدامات کے طور پر تمام بین الاقوامی پروازوں کو معطل کردیا ہے ۔ شہباز شریف پاکستان مسلم لیگ نواز گروپ کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بھائی ہیں۔ وہ لندن سے اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پہونچے جہاں ان کی اسکریننگ کی گئی ۔ انہوں نے اپنی آمد کے بعد ٹوئیٹ کیا کہ وہ اسلام آباد پہونچ چکے ہیں اور عوام کو چاہئے کہ وہ باہر نکلنے سے گریز کریں۔ ایک دوسرے سے فاصلے برقرار رکھیں کیونکہ اس وائرس سے نمٹنے میں سبھی کی مدد درکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ بحران کے اس وقت میں پاکستان میں ان کی خدمات کی ضرورت تھی اسی لئے وہ لندن سے یہاں واپس ہوچکے ہیں۔ نواز شریف نے ان سے کہا ہے کہ وہ اپنے ملک میں ضرورتمندوں کی مدد کریں۔
