کورونا خطرہ کے پیش نظر سینما تھیٹرس بند کرنے کی تیاریاں

   

فلم پروڈیوسرس اور ڈسٹری بیوٹرس کا اجلاس، فلموں کی ریلیز ملتوی

حیدرآباد۔/14مارچ، ( سیاست نیوز) مہلک کورونا وائرس سے دنیا بھر میں خوف و دہشت کے ماحول کا اثر فلم انڈسٹری اور تفریحی مقامات پر پڑا ہے۔ تلنگانہ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مبینہ اضافہ کے بعد تلگو فلم انڈسٹری نے ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے احتیاطی اقدامات کے طور پر تھیٹرس بند کرنے اور فلموں کی ریلیز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ توقع ہے کہ تلنگانہ بھر میں 31 مارچ تک تمام تھیٹرس کو عارضی طور پر بند کیا جائے گا۔ پیر سے اس پر عمل آوری ہوسکتی ہے۔ صدر تلنگانہ اسٹیٹ فلم چیمبر آف کامرس کے مرلی موہن نے بتایا کہ بعض فلموں کی ریلیز کی تاریخ ملتوی کردی گئی ہے۔ دیگر فلموں کا مستقبل غیریقینی ہے۔ عوامی تحفظ فلم انڈسٹری کی اولین ترجیح ہے لہذا عوامی بھلائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے پروڈیوسرس، ایکزیبیٹرس اور ڈسٹری بیوٹرس کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں شوٹنگ کو ملتوی اور تھیٹرس کو بند کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے موجودہ صورتحال میں تھیٹرس کے بند کئے جانے کے امکانات کو مسترد نہیں کیا۔ مرلی موہن نے کہا کہ فلم انڈسٹری ریاستی حکومت کی ہدایات پر عمل کرے گی۔ وائرس کی روک تھام کے احتیاطی تدابیر کے طور پر یہ فیصلہ کیا جارہا ہے کیونکہ ہجوم کے مقامات پر وائرس پھیلنے کے امکانات زیادہ ہیں ہم حکومت کے عہدیداروں سے ربط میں ہیں۔ واضح رہے کہ ملٹی پلیکس چین پی وی آر سینما نے کیرالا، نئی دہلی اور جموں کشمیر میں 31 مارچ تک سینما ہالس بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔