جدہ ۔24 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کورونا وائرس سے احتیاطی تدابیر کے تحت سعودی عرب میں آب زم زم گھروں پر فراہم کرنے کا آغاز کردیا گیا۔ماہ رمضان سے متعلق تجرباتی مرحلے کے تحت ویب سائٹ ’ھناک‘ لانچ کردی گئی۔متحدہ عرب امارات میں بھی مساجد بند رہیں گی۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مساجد میں اجتماعات سے اب بھی کورونا پھیلنے کا خدشہ برقرار ہے۔انتظامیہ کے مطابق مساجد کے علاوہ عوامی مقامات پر بھی نماز کے اجتماعات پر پابندی ہوگی، جبکہ لوگوں کو گھروں پر نماز اور تراویح کی ہدایت کی گئی ہے۔مسجدالحرام،مسجد نبوی میں 10 رکعت نماز تراویح کی ادائیگی واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات میں رمضان کا چاند نظر آجانے کے بعد آج پہلا روزہ ہے، گزشتہ شب مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عشاء اور تراویح کی ادائیگی کی گئی جس میں 20 کے بجائے 10 رکعتیں ادا کی گئیں۔الحرمین الشریفین کی جنرل پریذیڈینسی نے چہارشنبہ کو ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عام عبادت گزاروں کے داخلے پر پابندی برقرار رہے گی۔اس کے علاوہ حکام کے مطابق رمضان المبارک کے دوران میں مسجدالحرام اور مدینہ منورہ میں افطار کی ذمہ داری مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے صوبائی حکام کو سونپی گئی ہے، وہ احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے روزے داروں میں افطار کے کھانے تقسیم کریں گے۔رمضان المبارک کے دوران دونوں مقدس مساجد میں اعتکاف کی اجازت نہیں ہوگی، ان میں صرف ضروری ملازمین کو داخلے کی اجازت ہوگی ۔
