حیدرآباد۔ز) تلنگانہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد سرکاری بلیٹن میں بتائی جانے والی تعداد سے کہیں زیادہ ہے اور بلیٹن کی تعداد سے زیادہ اموات صرف گاندھی ہاسپٹل میں ہورہی ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے کورونا اموات کے اعداد و شمار کو مخفی رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیںاور کہا جا رہاہے کہ کسی بھی دواخانہ کے حقیقی اعداد وشمار ظاہر نہیں کئے جا رہے ہیں ۔محکمہ صحت کے میڈیکل بلیٹن میں جو اموات کی تعداد دکھائی جا رہی ہے وہ 10 فیصد سے بھی کم ہونے کے خود ڈاکٹرس دعوے کرنے لگے ہیں اور گاندھی ہاسپٹل کے علاوہ ٹمس میں برسر خدمت ڈاکٹرس کا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے اموات کو کیوں مخفی رکھا جا رہاہے وہ بھی اس بات کو سمجھنے سے قاصر ہیں کیونکہ حقیقی صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے عوام میں شعور اجاگر کیا جاسکتا ہے لیکن صورتحال کو مخفی رکھا جارہا ہے۔محکمہ صحت سے دریافت کرنے پر ان کا کہناہے کہ جو اموات ہورہی ہیں وہ ریکارڈ کو پیش کیا جار ہاہے جب کہا گیا کہ دواخانوں سے اطلاعات مل رہی ہیں کہ بلیٹن سے زیادہ اموات صرف ایک دواخانہ میں ہو رہی ہیں تو انہوں نے کہہ دیا کہ جو ہدایات مل رہی ہیں اسکے مطابق بلیٹن جاری کیا جا رہاہے۔بتایا جاتا ہے کہ شہر کے خانگی دواخانو ںمیں بھی کورونا سے اموات میں اضافہ دیکھا جا رہاہے۔