لاک ڈاؤن کیا مسئلہ کا حل ہے ؟ بجاج آٹو کے ایم ڈی راجیو بجاج کا سوال
ممبئی۔ 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بجاج آٹو کے مینیجنگ ڈائریکٹر راجیو بجاج نے ملک میں کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کیلئے من مانی لاک ڈاؤن نافذ کرنے پر نریندر مودی حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا لاک ڈاؤن اس مسئلہ کا حل ہے؟ نیوز چیانل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت ملک کے معاشی بحران میں مزید اضافہ کررہی ہے۔ اپنی بے باک بیانات کیلئے مشہور صنعت کار راجیو بجاج مودی حکومت اور اس کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے 2016ء میں نوٹ بندی کی بھی شدید مذمت کی تھی۔ راجیو بجاج نے کہا کہ کورونا وائرس سے بحران شروع ہوا لیکن حکومت نے اس کو پھیلا دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سمجھ داری اور منطقی انداز میں کام کرے۔ راجیو بجاج پہلے صنعت کار ہیں جنہوں نے موجودہ بحران سے نمٹنے کے مودی حکومت کے طریقہ کار پر مایوسی کا اظہار کیا۔