کورونا سے بچاؤ کیلئے عوام اضلاع کا رخ کرنے پر مجبور

   

صحت کے اعتبار سے حیدرآباد غیر محفوظ، دولتمند افراد فارم ہاؤز منتقل
حیدرآباد : گریٹر حیدرآباد میں کورونا کیسیس میں غیر معمولی اضافہ کو دیکھتے ہوئے عوام اپنی حفاظت کیلئے اضلاع کا رخ کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ شہر میں ایسے خاندان جن کا تعلق تلنگانہ کے دیگر اضلاع سے ہے، انہوں نے وائرس سے بچاؤ کے لئے خود کو آبائی مقامات منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔ لوگ اپنے اہل و عیال کے ساتھ آبائی مقامات منتقل ہورہے ہیں یا پھر دولتمند افراد شہر کے مضافاتی علاقوں میں موجود اپنے فارم ہاؤزس میں پناہ لے رہے ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران گریٹر حدود میں کورونا کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری اور خانگی ہاسپٹلس میں بستروں کی کمی اور اموات میں اضافہ نے خوف و دہشت کا ماحول پیدا کردیا ہے۔ عوام حیدرآباد کو صحت کے اعتبار سے غیر محفوظ تصور کرنے لگے ہیں اور اپنے آبائی مقامات منتقل ہورہے ہیں۔ گزشتہ دنوں کئے گئے ایک سروے کے مطابق بڑی تعداد میں تاجر برادری نے خود کو اپنے آبائی مقامات منتقل کرلیا ہے اور دوسروں کو اس کی ترغیب دی جارہی ہے۔ سرکاری اور خانگی ملازمت کرنے والے افراد کیلئے خاندان کے ساتھ آبائی مقامات منتقلی دشوار کن مرحلہ ہے، پھر بھی کئی سرکاری ملازمین نے ہنگامی رخصت حاصل کرتے ہوئے اضلاع منتقل ہونے کی تیاری کرلی ہے۔ شہر اور بالخصوص پرانے شہر کے علاقوں میں روزانہ اموات کی تعداد میں اضافہ نے عوام میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کردیا ہے۔ بڑے مسلم قبرستانوں میں روزانہ کئی میتیں تدفین کے لئے آرہی ہیں۔