حیدرآباد۔ ریاست میں کورونا کے کیسس میں مسلسل اضافہ کو دیکھتے ہوئے کانگریس پارٹی نے عوام میں بچاؤ اقدامات کے سلسلہ میں شعور بیداری کا فیصلہ کیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر تمام پردیش کانگریس کمیٹیوں نے اپنی اپنی ریاستوں میں عوام میں ماسک کی تقسیم کا عمل شروع کیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی اپیل پر تلنگانہ کے تمام اضلاع میں ضلع کانگریس کمیٹیوں اور سٹی کانگریس کمیٹیوں کی جانب سے عوام میں ماسک کی تقسیم عمل میں آئی۔ حیدرآباد کے نامپلی اسمبلی حلقہ میں سینئر لیڈر و نامپلی انچارج محمد فیروز خاں اور نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی محمد راشد خان کی قیادت میں مختلف علاقوں میں عوام میں ماسک کی تقسیم عمل میں آئی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وباء سے بچاؤ کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کریں ان میں ماسک کے استعمال کو لازمی کرلیں کیونکہ ڈاکٹرس نے ماسک کے ذریعہ وباء سے بچاؤ کا مشورہ دیا ہے۔ فیروز خان نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کورونا وباء پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی راہول گاندھی نے پہلی لہر کے موقع پر حکومت کو آگاہ کیا تھا کہ دوسری لہر مزید نقصاندہ ثابت ہوسکتی ہے لیکن مرکزی حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ فیروز خان نے کہا کہ ایک ایسے وقت جبکہ تلنگانہ میں کورونا سے نمٹنے کیلئے وزیر صحت کی حیثیت سے ای راجندر اقدامات کررہے تھے چیف منسٹر نے انہیں وزارت سے محروم کرتے ہوئے قلمدان اپنے پاس رکھ لیا ہے۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ محکمہ صحت کا قلمدان ایک صحت مند وزیر کے بجائے کورونا سے متاثر شخصیت کے پاس پہنچ چکا ہے جس سے عوام کے بچاؤ کے امکانات اور بھی کم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے علاوہ ان کے فرزند کے ٹی راما راؤ اور بعض وزراء کورونا سے متاثر ہیں۔ انہوں نے سرکاری اور خانگی دواخانوں میں آکسیجن، بستروں اور وینٹی لیٹرس کی کمی کا حوالہ دیا اور کہا کہ ان مسائل کی یکسوئی کیلئے عوام چیف منسٹر کے پاس کس طرح پہنچ پائیں گے جبکہ وزیر کی موجودگی میں نمائندگی کی گنجائش موجود تھی۔ فیروز خان اور راشد خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے اقدامات پر انحصار کئے بغیر اپنے طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے عوام کو کورونا ٹیکہ اندازی میں حصہ لینے کا مشورہ دیا۔