کورونا سے بچائو کیلئے کمسن بچے و ضعیف افراد گھروں میں رہیں

   

Ferty9 Clinic

وزیر داخلہ محمود علی کا مشورہ، ملک پیٹ میں جراثیم کش ادویات کے چھڑکائو کی نگرانی
حیدرآباد۔ 20 اپریل (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے حکومت کی جانب سے معلنہ لاک ڈائون کی 7 مئی تک پابندی کریں۔ خصوصاً بچوں اور ضعیف افراد کو گھر سے باہر نکلنے سے روکا جائے کیوں کہ اس عمر میں وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ رہتا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کے دوران افطار اور تراویح کا اپنے گھروں میں اہتمام کریں۔ وزیر داخلہ آج نلگنڈہ چوراہا ملک پیٹ میں تلنگانہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ فائر سرویسس کی جانب سے سوڈیم ہائیپو کلورائیڈ کے چھڑکائو کی مہم میں شریک تھے۔ انہوں نے کورونا سے بچائو کیلئے پولیس فائرس سرویسس و میڈیکل اینڈ ہیلتھ کے علاوہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی خدمات کی ستائش۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں کورونا کے کیسس میں بدستور اضافے کو دیکھتے ہوئے حکومت نے ہر کالونی میں جراثیم کش ادویات کے چھڑکائو کا فیصلہ کیا ہے۔ کمشنر پولیس انجنی کمار، مقامی رکن اسمبلی احمد بلعلہ، ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسس سنجیو کمار جین، اور دیگر موجود تھے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ عوامی جانوں کے تحفظ کیلئے حکومت نے 7 مئی تک لاک ڈائون میں توسیع کی ہے۔ عوام کو سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے کورونا کے پھیلائو کو روکنے مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور لاک ڈائون کے دوران گھروں میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو لاک ڈائون پر سختی سے عمل کی ہدایت دی گئی ہے اور خلاف ورزی پر سخت رویہ اختیار کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کے پھیلائو کو روکنے حکومت نے سویگی اور زوماٹو جیسی خدمات پر پابندی عائد کردی ہے۔ اگر کوئی ادارہ غذا سربراہ کرنے کی کوشش کریگا تو اسکے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضروری خدمات کے سلسلہ میں جاری پاسس کا غلط استعمال کرنے والوں پر بھی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا میں کورونا اور لاک ڈائون کے بارے میں گمراہ کن تشہیر کی جارہی ہے۔ ایسے افراد اور اداروں کے خلاف کارروائی کیلئے پولیس کو ہدایت دی گئی۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ تلنگانہ میں حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں کورونا کی صورتحال دیگر ریاستوں کے مقابلے قابو میں ہے۔ اگر عوام کا تعاون جاری رہا تو مئی میں تلنگانہ کو کورونا سے نجات مل جائے گی۔