حیدرآباد۔ تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں کورونا سے ایک خاندان کے 3 افراد کی موت واقع ہوگئی جبکہ آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ میں ایک خاندان کے 4 افراد کورونا سے جانبر نہ ہوسکے۔ کورونا کی دوسری لہر نے نہ صرف مریضوں بلکہ اموات کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے۔ جگتیال میں گنیش نگر علاقہ میں کورونا کا شکار ایک خاندان کے تین افراد کی موت واقع ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک تاجر کے دو بچوں کو حالیہ دنوں میں کورونا پازیٹیو پایا گیا تھا۔ اسی دوران والد بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔ علاج کے دوران والد کی موت واقع ہوئی جس کے بعد بڑے فرزند اور پھر دوسرے فرزند کی موت واقع ہوئی ہے۔ ایک ہفتہ کے دوران ایک خاندان کے 3 افراد کا فوت ہونا سارے علاقہ میں تشویش کا باعث بن چکا ہے۔ حکام نے گنیش نگر علاقہ میں چوکسی اختیار کرلی ہے اور سنیٹائزیشن کے علاوہ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ دوسری طرف وجئے واڑہ کے ایک خاندان کے چار افراد کورونا سے جانبر نہ ہوسکے۔ وجئے واڑہ کے پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے ایڈوکیٹ کی موت واقع ہوئی تھی۔ جس کے بعد تین دن میں خاندان کے دیگر 3 افراد کورونا سے جانبر نہ ہوسکے۔ وجئے واڑہ میں اس واقعہ سے عوام میں غم کا ماحول پیدا ہوچکا ہے اور کورونا کا خوف عوام میں بڑھ گیا ہے۔ حکام نے علاقہ کو کنٹینمنٹ زون میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔