کورونا سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں : ای راجندر

   

احتیاطی تدابیر اختیار کرنے عوام کو مشورہ
حیدرآباد۔ وزیر صحت ای راجندر نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا میں کورونا کیسس میں اضافہ کے پیش نظر تلنگانہ میں بھی چوکسی اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا میں کیسس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور تلنگانہ کا زیادہ تر حصہ مہاراشٹرا کی سرحد سے متصل ہے۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کئی بافندے ممبئی، بھیونڈی اور سورت میں ملازمت کررہے ہیں۔ مہاراشٹرا سے آنے والے افراد کے سبب تلنگانہ میں کیسس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ کورونا کے بارے میں عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ چوکس رہیں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عمل کریں۔ 60 سال سے زائد عمر کے افراد اور 45 سال کے ایسے افراد جو مختلف امراض کا شکار ہیں انہیں کورونا ویکسین دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افراد کو ٹیکہ اندازی کے بغیر کورونا پر قابو پانا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے ہر شہری کو کورونا ویکسین دینے کا انتظام کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت تلنگانہ میں چوکس ہے اور وہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔