بیجنگ؍ جنیوا؍ نئی دہلی، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پوری دنیا کے زیادہ تر (اب تک 185) ممالک میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) کی وبا تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اس کے متاثرین سے پوری دنیا میں اب تک 34,512 لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ تقریبا 723,962 لوگ اس سے متاثر ہیں۔ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا پھیلتی جارہی ہے اور متاثروں کی تعداد بڑھ کر 1071 ہوگئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 29 ہوگئی ہے ۔وزارت صحت نے پیر کی صبح بتایا کہ ملک میں کورونا وائر کے 1071 معاملوں کی تصدیق ہوچکی ہے ۔دنیا کے سب سے طاقت ور ملک امریکہ میں یہ بیماری سنگین روپ لے چکی ہے ۔ یہاں کورونا وائرس سے اب تک 2467 لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ سب سے زیادہ 140,886 لوگ اس سے متاثر ہوچکے ہیں۔کورونا وائرس سے بری طرح متاثر اٹلی میں اس کے متاثروں سے سب سے زیادہ موتیں ہوئی ہیں جہاں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 10,779 ہوگئی ہے جبکہ 97,689 لوگ اس سے متاثر ہیں۔اس عالمی وبا کے مرکز چین میں اب تک 81,470 لوگوں کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے اور 3304 لوگوں کی اس وائرس کی زد میں آنے سے موت ہوچکی ہے ۔ اس وائرس کے سلسلے میں تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہوئی موت کے 80 فیصد معاملے ساٹھ برس سے زیادہ عمر کے لوگوں کے تھے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے سلسلے میں سب سے زیادہ سنگین صورت حال اٹلی اور اسپین سے سامنے آئی ہے ۔ اسپین میں اس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 7340 ہوگئی ہے ۔ تازہ اعدادوشمار کے مطابق اسپین میں کورونا سے متاثر لوگوں کی تعداد بڑھ کر 85,195 ہوگئی ہے ۔ اس کے علاوہ فرانس اور ایران میں بھی صورت حال سنگین ہے ۔ فرانس میں اب تک 40,174 لوگ اس سے متاثر ہیں جبکہ2,606 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔ایران میں اس وائرس کی زد میں آکر مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2757 ہوچکی ہے جبکہ 41495 لوگ اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔کورونا وائرس کی زد میں برطانیہ بھی ہے جہاں اب تک 19,522لوگ متاثر ہیں اور 1,228 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔ برطانیہ کے پرنس چارلس اوروزیراعظم بورس جانسن سمیت دنیا کے کئی دیگر شخصیات بھی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ نیدرلینڈ میں 771، بلجیم میں 513 اور سوئٹزرلینڈ میں257 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے اب تک مغربی بحر الکاہل میں 3626، یورپی علاقے میں 21493 ، جنوب۔مشرقی ایشیائی علاقے میں 21493 ، امریکہ کے نزدیک واقع علاقوں میں 1973 اور افریقی علاقے میں 51 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔