کورونا سے دنیا بھر میں 37.27لاکھ افراد متاثر، 2.62 لاکھ ہلاکتیں

,

   

بیجنگ ؍ جنیوا؍ نئی دہلی ، 7مئی (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس وبا کا قہر مسلسل بڑھتا جا رہا ہے اور اس سے دنیا بھر کے 187 ممالک اور علاقوں میں اب تک 2,62,159 ہلاک ہو چکے ہیں اور 37,27,982 افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس سے متاثرین کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔ مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے جمعرات کی صبح جاری کئے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 33 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس وبا سے اب تک 52,952 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1783 ہلاک ہو چکے ہیں ۔ ملک میں اب تک 15،267 مریض صحت یا ب بھی ہو چکے ہیں ۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سینٹر (سی ایس ایس ای ) کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے دنیا میں سب سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں اور یہاں سب سے 12 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں ۔ اب تک موصول اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے تین ممالک میں دو دو لاکھ اور چھ ممالک میں متاثرین کی تعداد ایک ایک لاکھ سے زائد پہنچ چکی ہے جبکہ ہندوستان سمیت پانچ ممالک میں یہ تعداد 50 ہزار سے زائد ہو چکی ہے ۔یورپ میں شدید متاثر ملک اٹلی میں اس وبا کی وجہ سے اب تک 29684 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور اب تک 2،14،457 افراد اس متاثرہ ہوئے ہیں ۔ سپین کووڈ -19 کے انفیکشن سے سب سے زائد متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے مقام پر ہے ۔ یہاں اب تک 220325 افراد اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 25857 افرا داس وبا کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں ۔اس عالمی وبا کے مرکز چین میں اب تک 82,885 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 4633 ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔ اس وائرس کے تعلق سے تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہلاک ہونے والے 80 فیصد افراد 60 سال سے زائد عمرکے تھے ۔

کورونا سے دنیا بھر میں 260 نرسیں ہلاک
طبی عملے کے 90 ہزار افراد متاثر: رپورٹ
جنیوا ۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کونسل فار نرسز جنیوا نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث 260 نرسیں ہلاک جب کہ طبی عملے کے 90 ہزار سے زائد اراکین متاثر ہو چکے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومتوں کی جانب سے درست اعداد و شمار فراہم نہ کرنا، حفاظتی سامان کی کمی اور دیگر وجوہات کے باعث وائرس سے متاثرہ طبی عملے کی تعداد اس سے دگنا بھی ہو سکتی ہے۔رائٹرز کے مطابق ‘آئی سی این’ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہاورڈ کیٹن کا کہنا ہے کہ حکومتیں وائرس سے متاثر ہونے والے طبی عملے کے مستند اعداد و شمار فراہم نہیں کر رہیں۔اْن کا کہنا تھا کہ یہ ڈیٹا دنیا کے 30 ملکوں سے جمع کیے جانے والے اعداد و شمار پر مشتمل ہے۔ لہذٰا وائرس کے باعث ہلاک یا متاثر ہونے والے افراد کا جامع ڈیٹا مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ہاورڈ کیٹن کا کہنا ہے کہ اْن کے ادارے کے ساتھ دنیا کے 130 ملکوں میں دو کروڑ سے زائد نرسز رجسٹرڈ ہیں۔ لہٰذ گمان یہی ہے کہ وائرس سے متاثر ہونے والے طبی عملے کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔