کورونا سے دنیا بھر میں 38.21لاکھ افراد متاثر، 2.67لاکھ اموات

,

   

بیجنگ ؍ جنیوا ؍ نئی دہلی، 08 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کورونا وائرس (کوویڈ ۔19) اب رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اس سے دنیا کے 187ممالک اور خطوں میں اب تک 2,67,989 افراد کی موت ہوچکی ہے ، جبکہ 38,21,706افراد متاثر ہوئے ہیں۔ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے اور یہاں 50 ہزار کی تعداد پار ہوچکی ہے ۔ اب انفیکشن کے 50,000 سے زیادہ کیسز کے ساتھ دنیا بھر کے ممالک میں ہندوستان 14 ویں نمبر پر ہے ۔ جمعہ کی صبح صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ، ملک کے 33 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں اس انفیکشن سے 56،342 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1886 افراد کی موت ہوچکی ہے ۔ اب تک ، ملک میں 16،540 افراد اس انفیکشن سے پوری طرح صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، امریکہ میں دنیا میں سب سے زیادہ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اوریہاں متاثرین کی تعداد میں سب سے زیادہ یعنی 12 لاکھ سے زیادہ انفیکشن کے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اب تک کے اعدادوشمار کے مطابق ، متاثرہ افراد کی تعداد تین ممالک میں دو لاکھ سے اوپر اور چھ ممالک میں ایک لاکھ سے زیادہ تک جا پہنچی ہے ، جبکہ ہندوستان سمیت پانچ ممالک میں یہ تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے ۔