نارائن پیٹ میں دلخراش سانحہ
حیدرآباد۔ کورونا وائرس کی وبا سے کئی خاندان بکھر رہے ہیں۔گھنٹوں اور منٹوں میں ایک ہی خاندان کے دو تین افراد کی موت ہونے کی کئی علاقوں سے اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ اسی طرح کا ایک واقعہ تلنگانہ کے نارائن پیٹ ضلع میں پیش آیا جہاں چند گھنٹوں میں ہی کورونا کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت ہوگئی۔ ماں کی موت رات میں ہوئی جبکہ صبح میں بیٹا اور دوپہر میں باپ چل بسا۔ تفصیلات کے مطابق نارائن پیٹ ضلع کے مغل مٹکہ گاوں سے تعلق رکھنے والا 38 سالہ شمبھو لنگم 20 دن قبل کورونا وائرس سے متاثر ہوا تھا اس کے چند دن بعد اس کا 70،سالہ باپ بھدریا سوامی اور 66 سالہ ششی کلا بھی وائرس سے متاثر ہوگئے ۔شمبھو لنگم نے ابتدا میں گھر پر ہی علاج کروایا لیکن صحت بگڑ جانے پر اسے محبوب نگر کے ایک خانگی دواخانہ میں داخل کیا گیا تھا اس کے بعد اس کی ماں اور باپ کو بھی سرکاری ہاسپٹل میں داخل کردیا گیا۔ جمعرات کی رات ششی کلا کی موت ہوگئی۔اور وینٹی لیٹر پر زیر علاج شمبھولنگم نے جمعہ کی صبح 10 بجے دم توڑ دیا۔ بتایا جاتا ہے ماں اور بیٹے کی آخری رسومات انجام دینے کے کچھ دیر بعد دوپہر میں بھدریا سوامی دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔