ڈاکٹرس حالات کا جائزہ لینے میں مصروف
آنکھ کی پتلی میں خون جم جانے کا انکشاف
حیدرآباد۔کورونا سے صحتیابی کے بعد بینائی سے محرومی ہونے لگی ہے! گجرات میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی بینائی کمزور ہونے کی شکایات منظر عام پر آنے لگی ہیں ۔ گجرات میں تاحال کورونا سے صحتیاب ہونے والوں میں بینائی کی کمزوری کے 40 سے زائد مریض رجوع ہوچکے ہیں ۔ کورونا سے صحتیاب ہونے کے بعد جو مسائل ہیں ان کے متعلق عالمی سطح پر ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ وہ جائزہ لے رہے ہیں کہ کورونا علاج کے بعد مریضوں کو جن حالات کا شکار ہونا پڑرہا ہے ان میں سب سے اہم امراض چشم ہیں کیونکہ علامات میں یہ ظاہر ہونے لگا کہ ان کی آنکھ کی پتلی میں خون منجمد ہونے لگا ہے ۔ گجرات میں ایسے مریضوں کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹرس نے کورونا مریضوں کو آنکھ کی پتلی کا اسکان کروانے کا مشورہ دینا شروع کردیا ہے ۔ ماہرین امراض چشم کا کہنا ہے کہ کورونا سے ٹھیک مریضوں کے آنکھوں کے اسکان سے پتہ چلایا جاسکتا ہے کہ ان کی آنکھ میں خون جمع ہوا ہے یا نہیں ۔ ڈاکٹر س نے بتایا کہ جو مریض بینائی کی کمزوری کے ساتھ رجوع ہورہے ہیں ان کیلئے فوری اقدامات کی صورت میں بینائی واپس آرہی ہے لیکن اس میں فرق محسوس کیا جانے لگا ہے۔ ہندستان میں کورونا کا شکار اور صحتیاب ہونے والوں میں طبی مسائل کا جائزہ لینے تحقیق کا عمل جاری ہے لیکن گجرات میں بینائی متاثر ہونے کے بعد کئی محققین نے اس جانب توجہ مبذول کردی ہے۔