کورونا سے فوت راما لنگا کے افراد خاندان بھی متاثر

   

دوباک کے رکن اسمبلی کی آخری رسومات میں شریک قائدین میں ہلچل
حیدرآباد۔ متوفی رکن اسمبلی دباک راما لنگا ریڈی کے افراد خاندان کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد ان کی آخری رسومات میں شرکت کرنے والے سیاسی قائدین میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے اور وہ اپنے کورونا وائرس کے معائنہ کروانے کے متعلق غور کر رہے ہیں۔ رکن اسمبلی دباک کی کورونا وائرس سے موت کے بعد ان کے افراد خاندان میں ان کی اہلیہ سجاتا‘ فرزند ستیش ریڈی کے علاوہ ان کے پوترے اور پوتری کو کورونا وائرس کے مثبت ہونے کی توثیق کے بعد ان کی آخری رسومات میں شرکت کرنے والے سیاسی قائدین ‘ وزراء اور دیگر ارکان اسمبلی و پارلیمان میں خوف و دہشت پایا جانے لگا ہے کیونکہ بیشتر سیاسی قائدین نے متوفی رکن اسمبلی رامالنگاریڈی کی آخری رسومات میں شرکت کرتے ہوئے ان کے فرزند ستیش ریڈی کو پرسہ دیا تھا ۔چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ‘ ریاستی وزراء مسٹر ٹی ہریش راؤ‘ مسٹر کے ٹی راما راؤ ‘ رکن قانون ساز کونسل جناب محمد فاروق حسین کے علاوہ دیگر قائدین نے راما لنگا ریڈی کی آخری رسومات میں شرکت کی تھی ۔ محکمہ صحت کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ جن سیاسی قائدین نے راما لنگا ریڈی کی آخری رسومات کے علاوہ 11ویں دن منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کی ہے ان تمام کو قرنطینہ میں چلے جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ جن قائدین نے متوفی رکن اسمبلی کی آخری رسومات میں شرکت کی ہے ان کے کورونا معائنوں کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان میں بیشتر قائدین کا اینٹی جین ٹسٹ کیا جا چکا ہے لیکن اس کے باوجود انہیں قرنطینہ اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔