جنگی خطوط پر اقدامات کا مطالبہ، محمد علی شبیر کا بیان
حیدرآباد: سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ کورونا پر قابو پانے کیلئے فوری قدم اٹھائیں ۔ ٹوئیٹر پر اپنے پیام میں محمد علی شبیر نے کہا کہ تلنگانہ میں ایک دن میں 1213 پازیٹیو کیسیس منظر عام پر آئے ہیں۔ کیسیس کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر کو فوری اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ عوام کو مہلک مرض سے بچایا جاسکے۔ انہوںنے کہا کہ ایک ماہ میں 187 اموات واقع ہوئیں جبکہ 15778 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ۔ ٹی آر ایس حکومت کیلئے یہ محض اعداد وشمار ہوسکتے ہیں لیکن کانگریس پارٹی ہر ایک شخص کو انسانی زندگی اور ایک خاندان کا رکن تصور کرتی ہے ۔ ہر ایک کی زندگی اور صحت کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ حکومت محض اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری کی تکمیل نہ سمجھیں بلکہ جنگی خطوط پر کورونا کے خلاف قدم اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد حکومت نے کورونا پر قابو پانے کیلئے کوئی حکمت عملی تیار نہیں کی جس کے نتیجہ میں کیسیس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ تلنگانہ عوامی صحت پر بجٹ خرچ کرنے کے معاملہ میں دیگر ریاستوں سے کافی پیچھے ہے۔ 2014 سے 2020 ء تک عوامی صحت پر بمشکل 4 فیصد بجٹ خرچ کیا گیا اور ملک میں تلنگانہ کا مقام 30 ویں نمبر پر رہا ۔
