کورونا سے فٹ بال کلب رئیل میڈرڈ کے سابق صدرکی موت

   

میڈرڈ۔23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )مشہور فٹ بال کلب رئیل میڈرڈ کے سابق صدر لورینزوسانج کی مہلک کورونا وائرس کی زد میں آنے کی وجہ سے ا سپین میں موت ہو گئی۔ مقامی میڈیاکے مطابق سانج میں کورونا وائرس کی علامات سامنے آنے کے بعد منگل کو دواخانہ میں داخل کروایا گیا تھا جس کے بعد طبی ٹسٹ میں وہ کورونا سے متاثر پائے گئے تھے۔ رئیل میڈرڈکلب نے کہاکہ ہم سب سابق صدرکے انتقال کے بعد حیران ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ اپنے اس عظیم جذبہ کے لئے وقف کیا۔ سانج کو ان کی شراکت کے لئے جلد وہ شناخت دی جائے گی جس کے وہ حقدار ہیں۔ سانج کے بیٹے لورینزو سانج دوران نے کہاکہ میرے والدکا انتقال ہوگیا ہے۔ وہ اس طرح کے انجام کے حقدار نہیں تھے۔ میں نے اب تک جتنے بھی لوگوں کو دیکھا ہے ان میں سے میرے والد سب سے اچھے، بہادر اور سب سے مستعد تھے۔ ان کے لئے ان کا خاندان اور رئیل میڈرڈ سب سے پیارے تھے۔ سانج سال 1995 سے لے کر 2000 تک رئیل میڈرڈ کے صدر رہے۔ ان کی صدارت میں رئیل میڈرڈ نے 32 سال کا انتظار ختم کرتے ہوئے 1998 میں یورپی کپ جیتا تھا۔ ان کی صدارت میں کلب نے سال 2000 میں ایک اورمرتبہ یورپی کپ جیتا اور ساتھ ایک انٹرکانٹی نینٹل کپ اور لا لیگا کاخطاب بھی جیتا۔ رئیل میڈرڈ کے کپتان سرجیو راموس نے سانج کے انتقال پر ان کے خاندان کے تئیں دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ سانج کی موت ان مشکل دنوں میں اور بھی افسوسناک ہے۔