کورونا سے لڑنے میں مہاراشٹرا کو اپوزیشن کی تائید

   

Ferty9 Clinic

سابق چیف منسٹر فڈنویس کا بیان۔ تھانے میں ایک لاکھ کھلے ماسک ملنے پر اظہار تشویش

ممبئی، 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس نے آج کہا کہ اپوزیشن کوروناوائرس کے مرض سے نمٹنے میں ریاستی حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی۔ بی جے پی لیڈر نے یہ ضرورت بھی ظاہر کی کہ عوام کو اس وائرس کے بارے میں حواس باختہ ہونے سے روکنا چاہئے۔ فڈنویس نے ودھان بھون کامپلکس میں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ہم سب کو کوروناوائرس کے پیش نظر توجہ و احتیاط سے کام لینے کی ضرورت ہے۔ لیکن ساتھ ہی یقینی بھی بنایا جائے کہ عوام غیرضروری پریشان نہ ہوں۔ اپوزیشن اس ضمن میں حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی۔ قبل ازیں ریاستی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر فڈنویس نے ضلع تھانے کے بھیونڈی ٹاؤن میں اتوار کو کھلے علاقہ میں تقریباً ایک لاکھ مستعملہ ماسک پائے جانے کا معاملہ اٹھایا۔ فڈنویس نے دعویٰ کیا کہ مستعملہ ماسک دیگر ملکوں سے لائے گئے اور لوکل مارکیٹ میں فروخت کیلئے دھوئے گئے۔ انھوں نے خاطیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اسپیکر نانا پتولے نے حکومت کو اس معاملے کی تحقیقات کرنے اور مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ ابھی تک مہاراشٹرا میں انوکھے وبائی مرض کورونا کے پانچ معاملوں کی تصدیق ہوئی ہے۔