فوت ہونے والے صحافیوں کے پسماندگان کو ایکس گریشیاء، تلنگانہ میڈیا اکیڈیمی کا اعلان
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت کی جانب سے کورونا سے متاثر ہونے والے صحافیوں کو امداد فراہم کی جارہی ہے۔ تلنگانہ میڈیا اکیڈیمی کے صدرنشین الم نارائنا نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے جملہ پانچ کروڑ 15 لاکھ روپئے متاثرہ صحافیوں کیلئے منظور کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ صحافیوں کو بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کرنے ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی پہلی لہر میں 1553 صحافیوں کو جو کورونا سے متاثر ہوئے تھے، تین کروڑ 10 لاکھ 60 ہزار روپئے کی امداد تقسیم کی گئی ہے۔ ہوم آئسولیشن میں رہنے والے 87 صحافیوں کو 8 لاکھ 70 ہزار روپئے کی امداد دی گئی ۔ کورونا کی دوسری لہر کے دوران اندرون چار ماہ 1958 صحافیوں کو کورونا نے اپنی لپیٹ میں لیا ۔ 1958 صحافیوں میں ایک کروڑ 95 لاکھ 80 ہزار روپئے کی امداد تقسیم کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء سے کئی صحافیوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ فوت ہونے والے صحافیوں کے پسماندگان کو فی کس دو لاکھ روپئے امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اکیڈیمی کو موصولہ درخواستوں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اندرون ایک ماہ امدادی رقم جاری کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ متوفی صحافیوں کی بیواؤں کو پانچ سال تک ماہانہ تین ہزار روپئے پنشن دیا جائے گا ۔ ایس ایس سی تک تعلیم حاصل کرنے والے دو بچوں کو ماہانہ ایک ہزار روپئے کی امداد دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے فوت ہونے والے صحافیوں کے پسماندگان اپنی درخواستیں اکیڈیمی کے دفتر واقع اے سی گارڈ میں داخل کرسکتے ہیں۔