کورونا سے متاثرہ علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے

   

چندرا بابو نائیڈو کا مطالبہ، حقیقی اعداد و شمار مخفی رکھنے جگن حکومت پر الزام
حیدرآباد: سابق چیف منسٹر اور تلگو دیشم کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو نے کورونا سے متاثرہ آندھراپردیش کے علاقوں میں لاک ڈاون کے نفاذ کی سفارش کی ہے ۔ انہوں نے جگن موہن ریڈی حکومت پر کورونا کیسیس پر قابو پانے کیلئے مناسب قدم نہ اٹھانے کا الزام عائد کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ایسے علاقے جہاں کورونا کے کیسیس میں غیر معمولی اضافہ ہوا وہاں لاک ڈاؤن کے ذریعہ صورتحال پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو لاک ڈاؤن کے نفاذ کے معاملہ میں پس وپیش کی ضرورت نہیں ہے۔ سیاسی مفادات سے زیادہ عوام کی جانوں کا تحفظ اہمیت رکھتا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ مختلف بین الاقوامی ماہرین کی مدد سے تلگو دیشم پارٹی کے قائدین و کارکن کورونا سے متاثرہ مریضوں اور خاندانوں کی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے ریاست میں کورونا کے ٹسٹوں میں اضافے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ مریضوں کی حقیقی تعداد کا پتہ چلانے کیلئے یہ ضروری ہے۔ ٹسٹنگ مراکز پر احتیاط نہ کرنے کے سبب وباء سے دیگر افراد متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی جانب سے کورونا قواعد پر عمل نہ کرنے کی شکایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ٹسٹنگ کے معاملہ میں آندھراپردیش دیگر ریاستوں سے پیچھے ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر انتہائی خطرناک ہے ، لہذا حکومت کے ساتھ عوام کو بھی چوکس رہنا ہوگا۔ ریاست میں کورونا پازیٹیو شرح 25.8 فیصد ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عدالت کو گمراہ کن اعداد و شمار پیش کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مرکز کی جانب سے سربراہ کی جانے والی ویکسین کے 10 فیصد تک ذائع ہونے کی شکایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا اموات اور کیسیس کے بارے میں جگن موہن ریڈی حکومت حقیقی اعداد و شمار کی اجرائی سے گریز کر رہی ہے ۔