کورونا سے متاثر دہلی کاآج پنجاب سے مقابلہ

   

ممبئی۔ سبھی کی نظریں دونوں ٹیموں کے پاور ہٹرز پر ہوں گی جب چہارشنبہ کو انڈین پریمیئر لیگ کے میچ میں کورونا انفیکشن سے لڑ رہی دہلی کیپٹلس پنجاب کنگز کا سامنا کرے گی۔آسٹریلیائی آل راؤنڈر مچل مارش کو کورونا مثبت پائے جانے کے بعد اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ دہلی ٹیم میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر پانچ ہوگئی ہے۔ جس کی وجہ سے بی سی سی آئی نے میچ پونے کے بجائے ممبئی کے بریبورن اسٹیڈیم میں کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل کو کی گئی جانچ میں ٹیم کے باقی ارکان کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ جانچ پڑتال کا اگلا مرحلہ چہارشنبہ کو ہوگا تاکہ میچ شیڈول کے مطابق ہو سکے۔ دہلی کے پاس ڈیوڈ وارنر، پرتھوی شا اور کپتان رشبھ پنت جیسے جارحانہ کھلاڑی ہیں جبکہ پنجاب کے پاس شکھر دھون، ان فارم لیام لیونگسٹون اور شاہ رخ خان ہیں۔ دونوں ٹیموں کی نظریں فتح کی راہ پر واپسی پر ہوں گی اوربیٹرس کامیابی کی کلید ثابت ہوں گے۔ پنجاب کے کپتان میانک اگروال انگوٹھے کی چوٹ سے ٹھیک ہونے کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں جو سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف نہیں کھیلے تھے۔دھون ممبئی انڈینز کے خلاف شاندار فارم میں تھے لیکن وہ مسلسل کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے ہیں۔ وہ سن رائزرزکے خلاف نہیں چل سکے۔ اب وہ میانک کے ساتھ ایک بار پھر پنجاب کو اچھی شروعات دینا چاہیں گے۔ پنجاب کے مڈل آرڈر کو بھی زیادہ ذمہ داری کے ساتھ کھیلنا ہوگا اور رنز بنانا ہوں گے۔جیتیش شرما نے خود کو ایک اچھا فنشر ثابت کیا ہے۔ لیکن لیونگ اسٹون کے علاوہ کوئی بھی بیٹر سن رائزرز کے خلاف نہیں چل سکا۔ لیونگ اسٹون نے 33 گیندوں پر 60 رنز بنائے۔پنجاب کا راستہ اتنا آسان نہیں ہوگا کیونکہ انہیں فارم میں موجود چائنا مین بولرکلدیپ یادو کا سامنا کرنا پڑے گا جنہوں نے اب تک 11 وکٹیں حاصل کی ہیں۔اکشر پٹیل اور شاردول ٹھاکرکے علاوہ فاسٹ بولر خلیل احمد بھی خطرناک ثابت ہوئے ہیں۔ دوسری جانب مستفیض الرحمن کو بہتر بولنگ کرنی ہوگی جنہوں نے آر سی بی کے خلاف 48 رنز دیے۔ پنجاب کی بولنگ کی کمان کگیسو ربادا کریں گے۔ ان کے علاوہ ویبھو اروڑہ، ارشدیپ سنگھ اور راہول چہر بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ بولر آل راؤنڈر اوڈین اسمتھ کو اپنی صلاحیتوں کے ساتھ انصاف کرنا ہوگا۔ پنجاب نے چھ میں سے تین میچ جیتے ہیں اور تین ہارے ہیں۔دوسری طرف دہلی نے پانچ میں سے صرف دو میچ جیتے ہیں جبکہ اس کے پاس عظیم کھلاڑیوں کی فوج ہے۔ وارنرکا کردار اہم ہو گا۔ وارنر نے آر سی بی کے خلاف 38 گیندوں میں 66 رنز بنائے۔ ساتھ ہی لگاتار دو نصف سنچریاں بنانے کے بعد شا آخری میچ میں بھی نہ چل سکے۔ ان کے علاوہ پنت سے ایک بڑی اننگز کی توقع ہے جنہوں نے آر سی بی کے خلاف 17 گیندوں میں 34 رنز بنائے۔مارش کی غیر موجودگی میں مندیپ سنگھ یا سرفراز خان تیسرے نمبر پر اترسکتے ہیں۔سرفراز نے قبل ازیں بنگلور کیلئے شاندار مظاہرے کئے ہیں ۔