حیدرآباد۔ نظام آباد کے ایک ڈاکٹر کی احمقانہ حماقت نے کئی افرا د کو کورونا وائرس سے متاثر کردیا ہے۔ ضلع نظام آباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ڈاکٹر نشکل پربھوجو کہ نشکل نیورو ملٹی اسپشالیٹی ہاسپٹل کے مالک ہیں کو چند یوم قبل کورونا وائرس کی توثیق کے باوجود وہ اپنے مریضوں کی تشخیص کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھے اور ان کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد بھی وہ اب تک 1000 سے زائد مریضوں کی تشخیص کرچکے ہیں۔محکمہ صحت کے عہدیدارو ںنے اس با ت کی شکایات موصول ہونے کے بعد دواخانہ پر ڈاکٹرسے ملاقات کیلئے پہنچے ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کے پہنچتے ہی ڈاکٹر نشکل اپنے دواخانہ سے فرار ہوگئے اور اپنا موبائیل فون بندکردیا لیکن محکمہ صحت کے عہدیداروں نے دواخانہ میں موجود عملہ کا کورونا وائرس معائنہ کیا جس پر 10 افراد کو جو کہ دواخانہ کے عملہ میں شامل تھے ان تمام کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی۔ڈاکٹر نشکل پربھو کے خلاف کاروائی کیلئے محکمہ صحت کے عہدیداروں نے ضلع انتظامیہ سے خواہش کرتے ہوئے ان کی فوری گرفتاری کیلئے اقدامات کو تیز کرنے کی خواہش کی کیونکہ ڈاکٹر ہوتے ہوئے خود کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد قرنطینہ اختیار کرنے کے بجائے مریضوں کی تشخیص کرنا مجرمانہ غفلت ہے اسی لئے ڈاکٹر کے خلاف سخت کاروائی کئے جانے کا امکان ہے۔