کورونا سے متاثر ‘ کریمنگر ضلع میں حالات بہتری کی سمت مائل

   

کریمنگر 24 اپریل ( پی ٹی آئی ) ضلع کریمنگر میں جہاں کورونا وائرس کی سنگین صورتحال تھی اب حالات میں بہتری پیدا ہوتی نظر آر ہی ہے ۔ کریمنگر میں انڈونیشیا کے 10 مبلغین آئے تھے جو کورونا متاثر پائے گئے تھے ۔ اب ضلع کی صورتحال میں بہتری کے بعد جو سات کنٹینمنٹ زونس بنائے گئے تھے ان میں سے چھ برخواست کرکے وہاں قدرے نرمی برتی جا رہی ہے ۔ ضلع کلکٹر کے ششانکا نے کہا کہ انتظامیہ کی بے تکان کوششوں کے نتیجہ میں صورتحال میں بہتری آئی ہے ۔ ششانکا نے بتایا کہ ضلع میں جملہ 19 کورونا کیس پائے گئے تھے اور اب وہاں صرف دو مریض زیر علاج ہیں۔ جو لوگ اب تک صحتیاب ہوئے ہیں انہیں ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر مزید پازیٹیو کیس سامنے نہیں آئے تو سارا ضلع گرین زون میں آجائیگا ۔ کلکٹر نے بتایا کہ ضلع میں آخری پازیٹیو کیس 15 اپریل کو سامنے آیا تھا ۔ کریمنگر اس وقت سرخیوں میں آگیا تھا جب وہاں انڈونیشیا سے آئے مبلغین کی موجودگی کا پتہ چلا ھتا ۔ یہ لوگ دہلی کے تبلیغی اجتماع میں شرکت کے بعد آئے تھے ۔ ان کے خلاف ایک مقدمہ بھی درج کرلیا گیا تھا ۔