کورونا سے محفوظ رہنے ماسک لازمی طور پر استعمال کریں

   

خلاف ورزی پر سخت کارروائی ، پولیس کی شعور بیداری مہم ، کمشنر انجنی کمار کا خطاب
حیدرآباد: کورونا وائرس کے بڑھتے کیسس کے پیش نظر حیدرآباد پولیس نے ماسک سے متعلق شعور بیداری مہم کا آغاز کیا ہے۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے اپنے ساتھی آئی پی ایس عہدیداروں کے ہمراہ بشیر باغ جنکشن پر آج ایک شعور بیداری پروگرام منعقد کیا جس میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھر سے باہر نکلتے وقت اور عوامی مقامات پر ماسک کا لازمی طور پر استعمال کریں۔ انجنی کمار اور دیگر پولیس عہدیدار اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس تھامے ہوئے اس پروگرام کا انعقاد کیا جس میں ماسک کے استعمال کے فائدے اور کورونا وائرس سے بچنے سے متعلق پیام موجود تھا ۔اس موقع پر پولیس کمشنر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ اور ملک کے دیگر مقامات پر کووڈ 19 کے کیسس میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جس کے پیش نظر ہر فرد کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ خود کی اور اپنے ارکان خاندان کی اس مہلک وائرس سے حفاظت کریں اور ماسک کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دو جی او جاری کئے گئے ہیں جس کے تحت ماسک کو پہننا لازم قرار دیا گیا اور ریالی جلوس اور جلسوں پر بھی پابند عائد کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے حیدرآباد سٹی پولیس نے شعور بیداری پروگرام کا آغاز کیا ہے اور شہر کے ہر جنکشن پر سینئر پولیس عہدیدار اس پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے کورونا وائرس سے بچنے اور ماسک پہننے سے متعلق شعور بیداری پروگرام منعقد کیا جائے گا ۔