متاثرین کی تعداد بھی 341 ہوگئی ۔ بہار و گجرات میں پہلا جانی نقصان
نئی دہلی 22 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان بھر میں آج اتوار کو کورونا وائرس کی وجہ سے مزید تین اموات ملی ہیں جن میں بہار میں پہلی موت بھی شامل ہے ۔ اس طرح اب تک اس وائرس کی وجہ سے ملک میں مرنے والوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے جبکہ اس سے متاثرین کی تعداد بھی بڑھ کر 341 تک جا پہونچی ہے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ پٹنہ میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس کے سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ ایک 38 سالہ شخص اس وائرس کی وجہ سے فوت ہوا ہے ۔ وہ حالیہ عرصہ میں قطر کے سفر سے لوٹا تھا اور اسے گردہ کا عارضہ بھی لاحق تھا ۔ مرکزی وزارت صحت نے تاہم اس تعلق سے کوئی توثیق نہیں کی ہے ۔ ممبئی میں ایک 63 سالہ مریض اس وائرس کی وجہ سے فوت ہوا ہے جبکہ ایک اور 67 سالہ شخص کے گجرات کے سورت میں فوت ہونے کی اطلاع ہے ۔ آج اتوار کو جملہ تین مریضـ اس وائرس کی وجہ سے فوت ہوئے ہیں جس کے نتیجہ میں اب تک اس وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں مرنے والوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے ۔ اس کے علاوہ اس وائرس کے متاثرین کی تعداد میں بھی اضافہ ہواہے اور یہ بڑھ کر 341 تک جا پہونچی ہے ۔ وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومت نے جملہ 75 اضلاع میں مکمل لاک ڈاون کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزارت صحت کے اعداد و شمار کے بموجب مہاراشٹرا میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ متاثرین ہیں۔ مہاراشٹرا میں جملہ 63 مریض ہیں جبکہ کیرالا دوسرے نمبر پر ہے جہاں 52 مریض ہیں۔ دہلی میں 27 مریض پائے گئے ہیں۔ اترپردیش میں 25 ‘ تلنگانہ میں 21 راجستھان میں 24 اور ہریانہ میں 17 مریض پائے گئے ہیں۔ اسی طرح کرناٹک میں 20 مریض ہیں جبکہ پنجاب اور لداخ میں فی کس 13 مریض ہیں۔گجرات میں 14 ‘ ٹاملناڈو میں چھ اور چندی گڑھ میں پانچ مریض موجود ہیں۔