کورونا سے موت پر معاوضہ سے عوام کو محروم کرنے کی سازش

   

ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں دیگر امراض کا اندراج ، چوکسی ضروری
حیدرآباد۔ مہلک اور جان لیوا وباء کے دور میں بھی حکومت اور ڈاکٹرس عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم کرنے کی حکمت عملی اختیار کررہے ہیں۔ کورونا وباء سے فوت ہونے والے افراد کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں موت کی وجہ کورونا وباء درج کرنے کے بجائے دیگر عوارض کا اندراج کیا جارہا ہے۔ موت کی وجہ اگر کورونا درج کی جائے تو ڈیزاسٹر مینجمنٹ قانون کے تحت عوام کو معاوضہ ادا کرنا ضروری ہوجاتا ہے۔ مرکزی حکومت نے اعلان کردیا ہیکہ کووڈ ۔ 19 وباء ہے مگر معصوم عوام کو اس کی معلومات نہ ہونے کی وجہ سے حکومت فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے؟ حکومت عوام کو اس معاوضہ سے منظم انداز میں محروم کررہی ہے اور ڈاکٹرس بھی اس میں حکومت سے مکمل تعاون کررہے ہیں۔ اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے فوت ہونے والے افراد کی تعداد کو گھٹا کر پیش کرنے کے بار بار الزامات رونما ہوئے ہیں اور اس پس منظر میں حکومت سرکاری و خانگی دواخانوں کے ڈاکٹرس کی مدد سے ان اموات کو پوشیدہ رکھنے اور معاوضہ سے محروم رکھنے کی مکمل کوشش کررہی ہے اور کئی واقعات میں کامیاب ہوئی ہے۔ اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ کوویڈ 19 مریض کی دواخانہ میں موت واقع ہونے پر اس کے رشتہ دار جو غم و رنج کا شکار ہوتے ہیں اس کی آخری رسومات کیلئے میت کو دواخانہ سے فوری طور پر منتقل کردیتے ہیں جبکہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے پر کوئی دھیان نہیں دیا جاتا۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈاکٹرس کوویڈ 19 مریض کی موت کی وجہ پھیپھڑوں کا انفیکشن، قلب پر حملہ اور ایسی دیگر وجوہات کا اندراج کررہے ہیں جس سے عوام کو معاوضہ حاصل نہیں ہوسکتا۔

ہندوستان کے قانون ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے تحت یہ لازم ہے کہ جو بھی شہری وباء سے فوت ہوتا ہے اسے معاوضہ دینا ضروری ہے۔ شہر کے ایک سینئر وکیل جناب محمد مظفر اللہ خان نے یہ بتایا کہ حکومت اس قانونی لچک سے معاوضہ ادا کرنے سے بچ رہی ہے جبکہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں کورونا وائرس وباء سے فوت ہونے پر اس کا واضح طور پر اندراج ضروری ہے۔ انہوں نے متوفی مریضوں کے رشتہ داروں کو یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے سے قبل اس بات کو یقینی بنائیں کہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں موت کی وجہ صرف کورونا وائرس ہو نہ کہ دیگر وجوہات۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر حکومت سے قانونی طور پر معاوضہ حاصل کیا جاسکتا ہے اور اس کی عدم ادائیگی پر عدالت سے بھی رجوع ہوکر معاوضہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ مظفر اللہ خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ عوام ڈیزاسٹر مینجمنٹ قانون سے ناواقف ہیں اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت بڑے پیمانے پر ڈاکٹروں کی مدد سے معاوضہ ادا کرنے سے بچ رہی ہے۔دواخانوں نے ایک اور چال چلی ہے جب مریض کورونا سے دواخانہ میں داخل کیا جاتا ہے کچھ ہی دن میں اس کی منفی رپورٹ بنائی جارہی ہے تاکہ بعد میں انتقال کی کوئی اور وجہ بتائی جاسکے۔