کورونا سے نمٹنے اینٹی باڈی تیار : اسرائیل کا ادعا

,

   

پیٹنٹ اور تجارتی سطح پر تیاری کی کوششوں کا آغاز
یروشلم 5 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیل کے وزیر دفاع نفٹالی بینیٹ نے کہا کہ ملک کے اصل بائیلوجیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سائنسدانوں نے کورونا وائرس سے نمٹنے اینٹی باڈی کی تیاری میں خاصی پیشرفت حاصل کرلی ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ریسرچ اسکالرس نے ڈیولپمنٹ کے مرحلہ کو پار کرلیا ہے اور اب وہ اس کا پیٹننٹ کروانے اور بڑے پیمانے پر تیاری کے مرحلہ میں آگئے ہیں۔ مسٹر بینیٹ نے اسرائیل کے انسٹی ٹیوٹ فار بائیلوجیکل ریسرچ کا دورہ کیا جس کی نگرانی دفتر وزیر اعظم سے کی جا تی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس لیب میں اس وائرس سے نمٹنے کیلئے اینٹی باڈی ( مانع جسم ) تیار کرلیا گیا ہے جو اس وائرس پر حملہ آور ہوتے ہوئے مریض کے جسم میں ہی اسے ختم کرسکتا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اینٹی باڈی کی تیاری مکمل ہوگئی ہے اور اب یہ ادارہ اس اینٹی باڈی کے پیٹننٹ کی تیاری میںہے اور آئندہ مرحلے میں آگے بڑ؍ رہا ہے ۔ اب یہ ماہرین بین الاقوامی کمپنیوں سے رجوع ہوتے ہوئے تجارتی سطح پر اس کی تیاری کیلئے کوشاں ہیں۔ مسٹر بینیٹ نے کہا کہ انہیں اس ادارہ کے عملہ پر فخر ہے جس نے قابل قدر پیشرفت حاصل کرلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہودی ذہن نیں ایک شاندار کامیابی حاصل کرلی ہے ۔