کورونا سے نمٹنے خرچ رقم کی تفصیل بتانے سے حکومت کا انکار

   

اس طرح کا ڈاٹا ’ اطلاعات ‘ کے زمرہ میں نہیں آتا ۔ آر ٹی آئی سوال پر وزارت صحت کا جواب
نئی دہلی 29 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزارت صحت نے یہ بتانے سے گریز کیا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے آلات کی خریدی پر کتنی رقم خرچ کی گئی تھی ۔ وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اس طرح کا ڈاٹا ’’ اطلاعات ‘‘ کے زمرہ میں نہیں آتا کہ اس کی تفصیل حق معلومات قانون کے تحت فراہم کی جاسکے ۔ ممبئی سے کام کرنے والے آر ٹی آئی کارکن انیل گلگالی نے حکومت سے اس تعلق سے سوال کیا تھا تاہم وزارت صحت نے اپنے جواب میں کہا کہ شفافیت قانون کے تحت کسی بھی شہری کو جو اطلاعات فراہم کی جاسکتی ہیں وہ ریکارڈز ‘ دستاویزات ‘ میمو ‘ ای میل ‘ اوپینین ‘ مشوروں ‘ پریس ریلیز ‘ سرکلرس ‘ آرڈرس ‘ کنٹراکٹ ‘ ریکارڈز وغیرہ شامل ہیں تاہم اس درخواست میں رقم خرچ کچنے سے متعلق جو سوال کیا گیا ہے وہ اطلاعات کے زمرہ میں نہیں آتا ۔ کہا گیا ہے کہ اس درخواست کو سنٹرل پبلک انفارمیشن آفیسر کے سپرد کی گئی تھی اور آر ٹی آئی درخواست داخل کرنے کے 22 دن بعد گلگالی کو جواب موصول ہوا ہے ۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ قوانین کے تحت درخواست گذار کو یہ اطلاع فراہم کرنا ضروری نہیں ہے ۔

یہ اطلاعات کے زمرہ میں نہیں آتا ۔ جس عہدیدار کو یہ درخواست سپرد کی گئی تھی اس نے کہا کہ چونکہ آلات کی خریدی کا معاملہ ایچ ایل ایل لائیف کئیر لمیٹیڈ سے متعلق ہے اس لئے وہ اس میں مداخلت کرنے کا مجاز نہیں ہے ۔ گلگالی نے وزارت کے اس جواب پر اپنے رد عمل میں کہا کہ یہ جواب در اصل غیر پیشہ ورانہ ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر واقعی ایسا ہے تو پھر ان کی دخواست کا جواب دینے کیلئے 22 دن کا وقت کیوں ضائع کیا گیا ۔ گلگالی کا کہنا تھا کہ حکومت کو نہ صرف اس آر ٹی آئی سوال کا جواب دینا چاہئے بلکہ تمام معاشی تفصیلات کو ویب سائیٹ پر بھی پیش کرنا چاہئے تاکہ کسی کو آر ٹی آئی درخواست داخل کرنے کی ضرورت ہی نہ پڑے ۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس نے ہندوستان میں بھی قہر مچادیا ہے اور اب تک ملک میں اس وائرس کے متاثرین کی تعداد 1,65,799 تک جا پہونچی ہے اور 4,700 سے زائد اموات بھی ہوئی ہیں۔ ملک میں اب یہ وائرس تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے اور متاثرین کی تعداد میںاضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔