کورونا سے نمٹنے میں بلدی عملے کی نمایاں خدمات

   

Ferty9 Clinic

میئر حیدرآباد رام موہن کا اعتراف، پولیس اور ہیلت محکمہ جات کی ستائش
حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) میئر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن بی رام موہن نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت کے مطابق تلنگانہ کو کورونا سے پاک کرنے تمام محکمہ جات متحرک ہیں۔ انہوں نے آج ہائی ٹیک سٹی سرکل شیر لنگم پلی زون میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی جس کا عنوان ’’ کورونا کے خلاف جنگ ‘‘ تھا۔ میئر حیدرآباد نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے اینٹمالوجی شعبہ کے ملازمین کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ ملک بھر میں بلدی ملازمین کی کارکردگی کی ایسی مثال نہیں ملے گی۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی کے تمام شعبہ جات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ کنٹینمنٹ علاقوں میں جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کے سبب وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملی ہے۔ ملک بھر کی نظریں حیدرآباد پر ٹکی ہیں اور یہاں کئے جارہے اقدامات کو کئی شہروں میں اختیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ علاقوں میں جی ایچ ایم سی کا عملہ اپنی جان پر کھیلتے ہوئے ادویات کے چھڑکاؤ کا کام انجام دے رہا ہے۔ پولیس اور ہیلت کے ملازمین 24 گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی گریٹر حیدرآباد کے ایک کروڑ عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھارہی ہے۔ رام موہن نے کہا کہ سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے وائرس سے بچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام گھروں میں محدود رہیں ہم کورونا سے لڑائی کریں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن کی پابندیوں پر عمل کریں۔ رکن اسمبلی شیر لنگم پلی اے گاندھی، پرنسپل سکریٹری میونسپل اڈمنسٹریشن اروند کمار، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار اور دیگر عہدیداروں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔