کانگریس قائدین کا اظہار یگانگت، سرکاری سطح پر علاج کی سہولتیں میسر نہیں
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی کے خلاف بطور احتجاج تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام نے آج ایک روزہ احتجاج منظم کیا۔ وہ تلنگانہ میں کورونا کے کیسس پر قابو پانے کیلئے ٹسٹوں میں اضافہ اور سرکاری سطح پر علاج کی بہتر سہولتوں کا مطالبہ کررہے ہیں۔ کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر اور اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار نے کودنڈا رام سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار یگانگت کیا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ریاست میں کورونا ٹسٹ کی تعداد انتہائی کم ہے۔ ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود حکومت نے ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مرض کے لاحق ہونے کے بارے میں جاننے کا حق حاصل ہے لیکن حکومت نے ٹسٹنگ کا کوئی انتظام نہیں کیا۔ حیدرآباد میں دن بہ دن کیسس کی تعداد میں اضافہ باعث تشویش ہے۔ کانگریس قائدین اور پروفیسر کودنڈا رام نے سکریٹریٹ کی قدیم عمارتوں کو کوویڈ ہاسپٹل میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت کو عمارتوں کے انہدام کے بجائے اسے کوویڈ ہاسپٹل کے طور پر استعمال کرنا چاہیئے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ حکومت عوامی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے۔ حکومت کی لاپرواہی کے نتیجہ میں اموات کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔